جب تک زرداری سندھ میں بیٹھا ہے صوبہ ترقی نہیں کرسکتا عمران خان
میری حکومت تھی تو کہتے تھے بہت مہنگائی ہے اور جیسے ہی اقتدار میں آئے یہ لوگ مہنگائی کو بھول گئے، چیئرمین پی ٹی آئی
پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک آصف زراری ڈاکو سندھ میں بیٹھا ہے صوبہ ترقی نہیں کرسکتا۔
9 جولائی کو احسن اقبال کے خلاف ایک ریسٹورینٹ میں 'چور چور' کے نعرے لگنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس سے متعلق جلسہ عوام سے خطاب کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ وہ حقیقت ہے جسے عوام اب واقف ہوچکے ہیں، احسن اقبال کہتا ہے ملک میں کرپشن کے ساتھ بھی ترقی کرتا ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں 2 بڑے ڈاکو آئے، نواز شریف اور آصف علی زرداری، سندھ آگے نہیں جاسکتا کیونکہ 14 سال سے ڈاکو سندھ میں بیٹھا ہے، یہ لوگ سندھ کے نام پر سیاست اور چوری کر کے سارے پیسے باہر لے گئے۔
عمران خان نے کہا کہ میری پوری کوشش تھی کہ ان ڈاکوؤں کو سزا دی جائے، اس ملک میں کون سی طاقت تھی جو زرداری کو سزا دینے سے روکتی تھی؟
چیئرمین پی ٹی آئی نے پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ 17 جولائی کو ہونے والا الیکشن ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے، امریکا نے سازش کرکے ان چوروں کو ہم پر مسلط کردیا ہے۔
عمران خان نے کہاکہ میری حکومت تھی تو کہتے تھے بہت مہنگائی ہے اور جیسے ہی اقتدار میں آئے یہ لوگ مہنگائی کو بھول گئے، انہوں نے آتے ہی 1100 ارب روپے معاف کروائے۔
انہوں نے کہا کہ دال ، چنا کی قیمت 21 فیصد بڑھی جب سے یہ آئے ہیں، مجھے افسوس ہے کہ کچھ لوگ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے، وقت آنے پر بتاؤں گا کہ وہ کون ہے، قوم کا وہ حال ہونے جا رہا جو سری لنکا کا ہوا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ چور پیسے دے رہے ہیں، ان سے پیسے لے لو، ووٹ بلے کو ڈالنا، ہمارا مقابلہ ان چوروں کے ساتھ ہے، نواز شریف، شہباز شریف اور زرداری بھکاری ہیں، ہماری قوم تو غیرت مند ہے، ملک کو مقروض کردیا خود ارب پتی ہو گئے، مسٹر ایکس ان کے ساتھ مل کر الیکشن جتوانے کی تیاری کر رہا ہے۔