شریف خاندان نے عوام کی خدمت کیلیے اپنی نسلیں تیار کی ہوئیں ہیں مریم نواز

ن لیگ کا مقابلہ عمران خان سے نہیں، نااہلی، مہنگائی اور پنجاب دشمنی سے ہے، نائب صدر مسلم لیگ (ن)

ن لیگ کا مقابلہ عمران خان سے نہیں، نااہلی، مہنگائی اور پنجاب دشمنی سے ہے، نائب صدر مسلم لیگ کا جھنگ گوجرہ موڑ پر خطاب (فوٹو : فائل)

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک دو روز میں عوام کیلیے بڑے ریلیف کا اعلان کریں گے، مسلم لیگ ن نے عوام کی خدمت کے لیے اپنی کئی نسلیں تیار کی ہوئیں ہیں۔

مریم نواز نے جھنگ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان نے عوام کی خدمت کے لیے اپنی نسلیں تیار کی ہوئیں ہیں کیونکہ ہم اپنے لوگوں کا درد رکھتے ہیں، ہماری آئندہ نسلیں بھی سیاست کر کے عوام کی خدمت ہی کرتی نظر آئیں گی۔

انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'تم کون ہو؟ تمھارا حسب نسب کسی نہیں معلوم، آج اگر تمھیں کچھ ہوجائے تو پی ٹی آئی ختم ہوجائے گی اور کچھ بھی نہیں بچے گا، تم کو عوامی ریلیف پر تکلیف ہے اس لیے بجلی پر دیے گئے ریلیف پر عدالت پہنچ گئے۔


مریم نواز نے کہا کہ تھوڑا سا سخت اور مشکل وقت ہے مگر عوام جانتے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف انہیں مسائل سے نکال دیں گے، میں جب انتخابی مہم کے لیے نکلی تو ذہن میں مہنگائی کا خیال آیا مگر جب عوام میں نکل کر دیکھا تو صورت حال دوسری ہے کیونکہ سب کو میاں صاحب پر اعتماد ہے۔

اس سے قبل گوجرہ موڑ پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل دور گزر گیا ہے اچھا دور آنے والا ہے، کیا آپ چاہتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی کم ہو؟ اگر آپ چاہتے ہیں کہ پنجاب ترقی کرے تو شیر کو ووٹ دینا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا مقابلہ عمران خان سے نہیں مہنگائی سے ہے، ن لیگ کا مقابلہ عمران خان سے نہیں نااہلی، مہنگائی اور پنجاب دشمنی سے ہے، وعدہ کریں 17 جولائی کو گھروں میں نہیں بیٹھیں گے اور 17 جولائی کو پنجاب کے دشمنوں کو اٹھا کر باہر پھینکیں گے اور مخالفین کی سیاست کو ختم کردیں گے۔

رہنما ن لیگ نے مزید کہا کہ اسلم بھروانہ وہ شیر ہے جو عمران خان کو ٹھوکر مارکر واپس آیا، شیر پر مہر لگائیں، وعدہ کرتی ہوں عوام کی قسمت بدلنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گی۔
Load Next Story