پنجاب کے وزیرقانون ملک احمد خان مستعفی
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ملک احمد خان کا استعفیٰ قبول کرلیا
پنجاب کے وزیر قانون و پارلیمانی امور ملک احمد خان انتخابی مہم میں حصّہ لینے کیلئے وزارت سے مستعفی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رہنما مسلم لیگ نواز و صوبائی وزیر ملک احمد خان نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر نے انتخابی مہم میں حصّہ لینے کےلیے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر قانون و پارلیمانی امور نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو بھجوایا تھا جسے وزیراعلی پنجاب نے قبول کرلیا۔
ملک احمد خان نے استعفی الیکشن کمیشن کے قواعد کے تحت صوبائی وزراء کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی کے باعث دیا، ملک احمد خان ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلائیں گے۔
ملک احمد خاں ضمنی انتخابات میں لودھراں ،لیہ ،بہاولنگر ،بہاولپور اور ملتان میں بھرپور الیکشن مہم میں حصہ لیں گے، بعدازاں ملک احمد خان 17 جولائی کے بعد دوبارہ صوبائی وزیر نامزد ہوکر حلف اٹھا لیں گے۔