فیکٹ چیک پانی میں ڈوبے رن وے پر پی آئی اے طیارے کی لینڈنگ کی ویڈیو کی حقیقت
10 سیکنڈ کی وائرل ویڈیو کلپ سے متعلق سی اے اے نے بیان جاری کردیا
لاہور:
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کلپ کی تردید کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی آئی اے کا طیارہ بارش کے پانی میں ڈوبے رن وے پر لینڈنگ کے بعد ٹیکسنگ کررہا ہے۔
خیال رہے کہ شہر میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی کے متعدد علاقے زیر آب آچکے ہیں۔ ایسے میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کو گزشتہ دو روز کے دوران نیوز چینلز، سیاستدانوں اور پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب توجہ ملی ہے۔
10 سیکنڈ کی ویڈیو کلپ میں پی آئی اے کا طیارہ پانی میں ڈوبے ہوئے رن وے پر اترتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ وائرل ویڈیو کو کئی نجی میڈیا چینلز نے نشر کیا۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے بھی کراچی میں بنیادی ڈھانچے کے سنگین مسائل کی نشاندہی کرنے کے لیے ویڈیو شیئر کی۔
تاہم پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے وضاحت پیش کی ہے۔ سی اے اے نے کہا کہ وائرل ویڈیو تقریباً 3 برس پرانی ہے اور اس کے بعد سے کراچی ایئرپورٹ پر نکاسی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دکھایا گیا کہ ایک ہوائی جہاز پانی میں ڈوبے ہوئے رن وے پر چل رہا ہے، براہ کرم نوٹ کریں کہ یہ ایک پرانی ویڈیو ہے جو تقریباً 3 سال پرانی ہے جس کے بعد سے ایسی کسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔