حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا فیصلہ

عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں، وزیراعظم کی ہدایت


ویب ڈیسک July 12, 2022
شہباز شریف نے وزارت خزانہ اور پیٹرولیم ڈویژن سے سمری طلب کی ہے (فوٹو فائل)

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وزارت پیٹرولیم اور خزانہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی عید پر عوام کو بڑی خوش خبری دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرنے کیلیے وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی۔

وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوانے کا حکم دیا اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں اضافے پر قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہئے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عوام نے مشکل وقت گزارا ہے، اب پورا ریلیف ملنا بھی اُن کا حق ہے، عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے، پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں، سابق حکومت کی لائی مہنگائی سے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا فضل وکرم یوں ہی جاری رہا تو اِن شاءاللہ عوام کی زندگی میں مزید آسانیاں لائیں گے۔ اجلاس میں اوگرا سمیت دیگر وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں