سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کی دورۂ پاکستان کی دعوت قبول کرلی
وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے ٹیلی فون پر رابطہ، عید کی مبارک باد، پاکستانی عازمین کی دیکھ بھال کا شکریہ
کراچی:
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو کامیاب حج آپریشن اور عید پر مبارک باد پیش کی اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہبازشریف نے سعودی عرب کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارک دیتے ہوئے نیک تمناﺅں کا اظہارکیا۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لئے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عید کی مبارک پیش کی اور سعودی عرب کے عوام کے لیے بھی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عید کی مبارک دی۔
وزیراعظم نے کامیاب حج آپریشن پر مبارک دیتے ہوئے حجاج کرام خاص طورپر پاکستانی حاجیوں کی بھرپور دیکھ بھال پر سعودی عرب کی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیادوں کا حوالہ دیا جو وقت کے ساتھ بتدریج مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کے ساتھ دوطرفہ جاری اقدامات اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں خاص طور پر تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپریل 2022 میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لئے قریبی اشتراک عمل سے کام کرنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت کو دہرایا جسے محمد بن سلمان نے قبول کرلیا۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترک مذہب، تاریخ اور ایک دوسرے کی باہمی حمایت پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔