ہراسانی الزامات ڈی جی نیب شہزاد سلیم نے پی اے سی میں طلبی چیلنج کردی

متاثرہ خاتون کے لیے متعلقہ فورم موجود ہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی انکوائری شروع نہیں کر سکتی، میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم


ویب ڈیسک July 13, 2022
متاثرہ خاتون کے لیے متعلقہ فورم موجود ہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی انکوائری شروع نہیں کر سکتی، میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم

طیبہ گل کی جانب سے ہراسگی کے سنگین الزامات کے تناظر میں ڈی جی نیب میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں طلبی چیلنج کردی۔

شہزاد سلیم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے سیکریٹری نیشنل اسمبلی ،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ونگ و دیگر کو فریق بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے دائر اختیار سے تجاوز کرکے مجھے طلب کرنے کا نوٹس کیا ، اس نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ہراسانی کا شکار طیبہ گل نے ڈی جی نیب کی آڈیو ویڈیوز پی اے سی اجلاس میں چلادیں

شہزاد سلیم نے درخواست میں استدعا کی کہ جب تک کیس زیر التوا ہے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نوٹس پر حکم امتناع جاری کیا جائے، طیبہ گل نے کمیٹی میں بدنیتی پر مبنی درخواست دی ، طیبہ گل کی اس سے قبل احتساب عدالت لاہور اور ایک متعلقہ درخواست فیڈرل شریعت کورٹ کے سامنے بھی زیر التوا ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے متوازی کارروائی چلا کر اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کے اپنے 44 افسر و اہلکار کرپشن میں ملوث، کئی برطرف، اکاؤنٹس کمیٹی میں انکشاف

شہزاد سلیم نے موقف اختیار کیا کہ یہ بھی خارج از امکان نہیں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ذاتی مفاد کے لیے درخواست دلوائی ہو، متاثرہ خاتون کے لیے متعلقہ فورم موجود ہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی انکوائری شروع نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے خلاف نیب انکوائری پہلے ہی زیر التوا ہے، یہ بھی ہو سکتا ہے چیئرمین کوئی بدلہ لینا چاہتا ہو یا اس طرح بلا کر اپنی انکوائری کے معاملے میں فائدہ لینا چاہتا ہو، چیئرمین پی اے سی کا کنڈکٹ یہ ہے کہ فخریہ کہتا ہے کہ جس پارٹی سے منتخب ہوا اسی کے ساتھ وفاداری نہیں۔

دوسری جانب رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی درخواست کو نامکمل قرار دے دیا۔

ڈی جی نیب کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں طلبی کے خلاف درخواست پر اعتراض عائد کردیا۔ رجسٹرار آفس نے کہا کہ ڈی جی نیب لاہور کی درخواست پر بائیو میٹرک تصدیق نہیں کی گئی۔

اسلام آبادہائیکورٹ نے ڈی جی نیب لاہور کی درخواست اعتراض کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کردی۔ قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کل ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔