پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلیے سمری وزارت خزانہ کو ارسال
پیٹرول کی قیمت میں 18اور ڈیزل کی قیمت میں 33 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے
عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے سمری تیار کرکے وزارت خزانہ کو ارسال کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ اوگرا نے پڑولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ مکمل کر لی جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں اوگرا کی جانب سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 33 روپے فی لیٹر کی تجویز دی گئی ہے جبکہ نئ قیمتوں کا اعلان وزرات خزانہ کرے گی۔
اس ضمن میں وزارت پیٹرولیم کے ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر سمری تیار کی گئی ہے اور وزارت خزانہ ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے سمری آگے ارسال کرے گی۔
مزیدپڑھیں: حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا فیصلہ
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا تمام ریلیف عوام کو منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم نے سمری تیار کرکے وزارت خزانہ کو بھجوادی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وزارت پیٹرولیم اور خزانہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کی تھی۔
وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوانے کا حکم دیا تھا اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں اضافے پر قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہئے۔