چاہتا ہوں تمام فارمیٹس میں بابراعظم ٹاپ پوزیشن پر قابض ہوں عبدالرزاق

پاکستان ٹیم ایک سال سے تمام شعبوں میں بہترین کھیل پیش کررہی ہے، انہیں آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون ہونا چاہیے تھا

(فوٹو: فائل)

ISLAMABAD:
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم گزشتہ ایک سال سے تمام شعبوں میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے، مجھے لگتا ہے انہیں آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر ہونا چاہیے تھا۔

مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ ورلڈ ٹائٹل کی دوڑ میں پاکستان اب خطرناک حریف کے طور پر سامنے آیا ہے، بابراعظم کی کپتانی میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں کو ہرایا ہے جبکہ بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ ''آئندہ آئی سی سی ٹورنامنٹس میں پاکستانی ٹیم کارکردگی دکھائے گی اور ٹاپ پر رہے گی، میں چاہتا ہوں تمام فارمیٹس میں بابراعظم ٹاپ پوزیشن پر قابض ہوں''۔


مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے، وقار یونس

عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ بابراعظم کی فارم اسی طرح بحال رہی تو یہ پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند ہے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 رینکنگ میں بالترتیب چھٹے، چوتھے اور تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
Load Next Story