الیکشن میں یقینی شکست دیکھ کر عمران خان افسران کو دھمکا رہے عطاء اللہ تارڑ

لوگوں کو گالیاں دینا اور ڈرانا دھمکانا فاشسٹ سوچ کی عکاس ہے، صوبائی وزیر داخلہ


ویب ڈیسک July 14, 2022
(فوٹو : فائل)

پنجاب کے وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ الیکشن میں یقینی شکست دیکھ کر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان حواس باختہ ہو چکے اور افسران کو دھمکا رہے ہیں۔

عمران خان کی جانب سے مظفر گڑھ جلسہ میں چیف سیکریٹری، آئی جی اور پنجاب کے افسران کو دھمکیاں دینے پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے پنجاب کے افسران کو دھمکیاں دینے کی پر زور مذمت کرتا ہوں، کسی بھی انتظامی یا پولیس افسر اور اہلکار کو دھمکانا قانون کے مطابق جرم ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ تمام افسران اور اہلکار ضمنی الیکشن میں اپنے فرائض انتہائی غیر جانبداری، ایمانداری اور شفاف طریقے سے انجام دے رہے ہیں، بہتان خان کے پاس کسی افسر کی جانبداری کے ثبوت نہیں، جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت کے سربراہ کا افسران کو دھمکانا افسوسناک ہے، پنجاب حکومت سے سیکیورٹی لے کر الزام لگانا منافقت کی انتہا ہے، عمران خان نے افسران کو دھمکا کر مجرمانہ ذہنیت کی عکاسی کی، لوگوں کو گالیاں دینا اور ڈرانا دھمکانا فاشسٹ سوچ کی عکاس ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ فاشسٹ جماعت کا فاشسٹ ایجنڈا ناکام ہوگا، اس جماعت نے وزیر آباد اور ڈسکہ میں دھاندلی کے ریکارڈ توڑے، یہ تو بیلٹ پیپر چھین کر بھاگنے والی جماعت ہے۔ عمران خان نے آئندہ ایسی حرکت کی تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور اپنے افسران کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں