اب انسٹاگرام پر کچھ پوسٹس دیکھنے کےلیے ادائیگی کرنا ہوگی

تخلیق کار اب ایسی فیڈ پوسٹس شائع کر سکیں گے جو صرف ان لوگوں کو دِکھے گی جو سبسکرائبر ہوں گے

(فوٹو: فائل)

کراچی:
فوٹوشیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام میں اب پوشیدہ پوسٹس کو دیکھنے کےلیے صارفین کو رقم کی ادائیگی کرنا ہوگی۔

انسٹاگرام پر تخلیق کاروں کے لیے جاری کی گئی نئی اپ ڈیٹ کے متعلق انسٹاگرام چیف ایگزیکٹِیو ایڈم موسیری نے اعلان کیا کہ تخلیق کار اب ایسی فیڈ پوسٹس شائع کر سکیں گے جو صرف ان لوگوں کو دِکھے گی جو سبسکرائبر ہوں گے۔

پہلےاس فیچر کا اطلاق صرف اسٹوریز پر ہوتا تھا لیکن ایڈم موسیری کا کہنا تھا کہ کمپنی کو اس فیچر کے متعلق سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں۔اگر انسٹاگرام پر موجود تمام ویڈیوز کی ریلز میں منتقلی کے فیچر کی آزمائش کامیاب ہوتی ہے تو پوسٹ کے ساتھ اس فیچر کا اطلاق ریلز پر بھی ہوگا۔


ایڈم موسیری کے مطابق تخلیق کار ایک وقت میں 30 سبسکرائبرز کے ساتھ براہ راست میسج کرنے کے اہل ہوں گے تاکہ مداحوں کے ساتھ بامقصد طریقے سے رابطہ کیا جاسکے۔

ایک انسٹاگرام سبسکرپشن کی قیمت 0.99 ڈالر سے 99.99 ڈالرز فی ماہ کے درمیان ہوگی اور تخلیق کار کی پروفائل پر ایک سبسکرائبر ہوم ہوگا جہاں صارفین مخصوص کانٹینٹ دیکھ سکیں گے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکِٹیو کا کہنا تھا کہ یہ ایک طویل راستے کے لیے اٹھایا جانے والا ایک قدم ہے یہ آلات امریکا میں ہزاروں تخلیق کاروں تک پھیلا دیے گئے ہیں۔
Load Next Story