مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان کے مرکزی دفتر پر ’پی ٹی آئی کارکنوں‘ کا مبینہ حملہ
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے حلقہ پی پی 167 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان کے دفتر پر اچانک نامعلوم افراد نے حملہ کیا اور وہاں بیٹھے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
نذیر چوہان کا الزام
اس حوالے سے نذیر چوہان نے الزام عائد کیا کہ میرے دفتر پر پی ٹی آئی امیدوار شبیر گجر نے حملہ کروایا ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی امیدوار نے اس الزام کو مسترد کردیا۔
شبیر گجر کی تردید
صوبائی اسمبلی پی پی 167 کے امیدوار اور تحریک انصاف کے رہنما شبیر گجر نے کہا کہ ہم نے آج انتخابی مہم کی ریلی نکالی اور نذیر چوہان کے دفتر کے باہر سے ریلی گزری تو مسلم لیگ ن کے کارکنان نے ہمارے وکلا کو روکا، ان پر آوازیں کسی اور تشدد کیا۔
شبیر گجر نے کہا کہ مجھے اس واقع کا علم بھی بعد میں ہوا تب میں ریلی کی قیادت کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نذیر چوہان نے منصوبے کے تحت اپنے دفتر میں خود توڑ پھوڑ کروائی ہے جبکہ ہم تو اپنی انتخابی مہم میں مصروف تھے۔
انہوں نے کہا کہ نذیر چوہان کے دفتر میں توڑ پھوڑ سے پی ٹی آئی کے کسی کارکن کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
دریں اثنا ڈی آئی جی آپریشن نے پی پی 167 میں ن لیگی رہنما نذیر چوہان کے مرکزی دفتر پر مبینہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی اور ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔
ڈی آئی جی آپریشن سہیل چودھری نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نقص امن کا باعث بننے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔