الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی ضمنی انتخابات سے متعلق درخواست مسترد کردی
ریٹرننگ افسران یقینی بنائیں کہ امیدواروں کے پولنگ ایجنٹ اسی حلقے کے ووٹر ہوں، الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی ضمنی الیکشن سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ ایجنٹ صرف متعلقہ حلقے کا ووٹر ہی ہوسکتا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کی جانب سے ضمنی الیکشن سے متعلقد دائر کی گئی درخواستوں پر محفوظ سنا دیا۔
پولنگ ایجنٹس کے متعلقہ حلقہ سے ہونے سے متعلق ریٹرننگ افسران کے موقف کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست الیکشن کمیشن نے مسترد کردی جس کا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پولنگ ایجنٹ صرف متعلقہ حلقہ کا ووٹر ہی ہوسکتا ہے، کسی بھی امیدوار کے پولنگ ایجنٹ کا تعلق دوسرے حلقے سے نہیں ہوسکتا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ ایجنٹس کی تعیناتی سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے موجود ہیں اور الیکشن کمیشن پولنگ ایجنٹس کی تقرری سے متعلق ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریٹرننگ افسران یقینی بنائیں کہ امیدواروں کے پولنگ ایجنٹ اسی حلقے کے ووٹر ہوں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پولنگ ایجنٹس کے دوسرے حلقہ سے ہونے سے متعلق الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔