بجٹ کے بعد مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ 29 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں

سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 33.12 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی،ادارہ شماریات


ویب ڈیسک July 15, 2022
فائل:فوٹو

QUETTA: وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ نفاذ کے بعد مہنگائی کی شرح میں سالانہ بنیادوں پر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے اعلان کردہ نئے بجٹ کے نفاذ کے بعد سے ملک میں مہنگائی میں میں اضافہ کا رجحان جاری ہے البتہ مہنگائی میں اضافہ کی رفتارتو کم ہوئی مگر نئے وفاقی بجٹ کے بعد دوسرے ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.01فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 33.12 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی جبکہ بجٹ نافذ ہونے کے بعد پہلے ہفتے مہنگائی کی شرح میں 1.32فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کے بارے میں ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چودہ جولائی2022ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 0.01 فیصد زائد رہی جبکہ سالانہ بنیادوں پر دیکھا جائے تو پچھلے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 33.12 فیصد زائد رہی ہے۔

اس دورانیے میں مجموعی طور پر 51 بنیادی ضروری اشیاء میں سے 29کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ صرف 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 17کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ان میں آلو، پیاز، انڈے، چکن، دال مونگ، آٹا، دال مسور، چائے، گھی ، اری 6 اور اری 9 چاول، دہی،، تازہ دودھ، مٹن، بیف، لہسن،دال ماش،انرجی سیور، سگریٹ، گڑ، آگ جلانے والی ماچس کی ڈبی اور آٹے سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔

جن پانچ اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران کمی ریکارڈ کی گئی ان میں ٹماٹر،دال چنا، کیلا،سرسوں کا تیل اورایل پی جی شامل ہیں جبکہ 17 وہ اشیائے ضرویہ بھی ہیں جن کی اس دورانیے میں قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

تنخواہ کے اعتبار سے مہنگائی کی شرح

ادارہ شماریات کے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں26.63فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں30.68فیصد جبکہ 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں30.47 فیصد رہی۔

اسی طرح 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 31.69فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 34.19فیصد رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔