‎وزیر داخلہ کی عمران خان کو کل الیکشن میں دنگا فساد سے باز رہنے کی وارننگ

پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں، رانا ثنا


ویب ڈیسک July 16, 2022
پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں، رانا ثنا

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو 17 جولائی کو دنگا فساد سے باز رہنے کی وارننگ دے دی۔

انہوں نے کہا کہ ‎عمران خان الیکشن ہار چکا ہے، اب عوام سے لڑنے کی تیاری کر رہا ہے، ‎عمران اور اس کے ٹائیگرز قانون کے دائرے میں رہیں، ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ‎اطلاع ملی ہے کہ پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں، ‎حلقے سے باہر کے پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست اسی سازش کا حصہ تھی، ‎خیبر پختونخواہ کے بھائیوں کو پنجاب کے بھائیوں سے لڑانے کا پلان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎پرویز خٹک، اسد قیصر علی محمد خان اور مراد سعید ان فسادیوں کو شیلٹر دے رہے ہیں، ‎ الیکشن کمیشن کے احکامات اور قانون کو توڑنے والوں کو قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا، ‎پی ٹی آئی ٹائیگرز سے غنڈہ گردی کرائی گئی تو نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہوگا۔

‎رانا ثنا نے مزید کہا کہ چار سال اقتدار میں عوام کو لوٹنے والوں کو 20 حلقوں کے عوام کا مینڈیٹ لوٹنے نہیں دیں گے، عمران کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ووٹ کے ذریعے عوام تدفین کی رسم ادا کریں گے، کوئی بھی اگر قانون کو ہاتھ میں لے گا اور فساد کرنے کی کوشش کرے گا، صاف شفاف اور پر امن الیکشن کو یقینی بنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔