مقبوضہ کشمیر بھارتی سیکیورٹی فورس کی چیک پوسٹ پر حملے میں اہلکار ہلاک

مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر ایک ہفتے میں حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورس کی ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مسلح افراد نے ضلع پلوامہ کی ایک چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا۔ مسلح افراد نے اندھادھند فائرنگ کی جس میں دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمی سب انسپکٹر ونود کمار کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا جب کہ دوسرے زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔


بھارتی فوج نے واقعے کے بعد حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لا جاسکی۔

چند روز قبل بھی مقبوضہ کشمیر میں ہی ایک پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک انسکپٹر ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ اُس واقعے میں بھی حملہ آور بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھ نہ لگ سکے تھے۔

 
Load Next Story