انگلش بورڈ کا 4 رکنی وفد آج پاکستان پہنچے گا

کرکٹ ٹیم کے شیڈول ٹور کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا

منگل کو کراچی آمد متوقع، لاہور اور ملتان میں بھی جانچ پڑتال ہوگی۔ فوٹو : فائل

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورہ پاکستان کے سلسلے میں انگلش کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی وفد پیر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے.

ای سی بی کا وفد عالمی کپ سے قبل رواں سال ستمبر میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے شیڈول دورہ پاکستان کیلیے سیکیورٹی انتظامات سمیت دیگر اقدامات کا جائزہ لے گا۔


وفد میں کرکٹ آپریشنز کے 2اہلکار، ایک سیکیورٹی کنسلٹنٹ اور پلیئرز ایسوسی ایشن کا ایک نمائندہ شامل ہے، وفد منگل کو کراچی پہنچے گا، اس موقع پروفدکوایس ایس یو کے ہیڈ کوارٹرز میں متعلقہ حکام کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائیگی۔

بعدازاں وفد نیشنل اسٹیڈیم بھی جائیگا جہاں وہ انتظامیہ اور دیگر اداروں کے اجلاس میں شرکت کے بعد گراؤنڈ اور اطراف میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیگا،اگلے روز 20 جولائی کو وفد ملتان میں سہولیات کا جائزہ لے گا جبکہ21 جولائی کو وفد لاہور پہنچے گا، 22 جولائی کو وطن واپس روانہ ہونے والا وفد اپنی رپورٹ ای سی بی کو پیش کرے گا جس کی روشنی میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ انگینڈ کرکٹ ٹیم کی7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے ستمبر کے وسط میں پاکستان آمد طے ہے، کراچی اور لاہور کے ساتھ ملتان بھی ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کا مضبوط امیدوار ہے۔
Load Next Story