پی ٹی آئی نے وفاقی حکومت میں کراچی کیلیے کچھ نہ کیا بلدیات میں کیا کریں گے حافظ نعیم

جماعت اسلامی کا میئر اختیارات کا رونا نہیں روئے گا بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کرے گا،امیر جماعت اسلامی کراچی

جماعت اسلامی کا میئر اختیارات کا رونا نہیں روئے گا بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کرے گا،امیر جماعت اسلامی کراچی

SYDNEY:
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے وفاقی حکومت میں ہوتے ہوئے کراچی کیلیے کچھ نہ کیا، بلدیات میں کیا کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ون ملین کال مہم کا آغاز کردیا ہے،ہم نے جس جس سے بھی رابطہ کیا ہے سب کی طرف سے اعتماد ملا ہے، کراچی کے عوام 24 جولائی کو جماعت اسلامی کو کامیاب کریں، ہم ہی اس شہر کو سنواریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیاسی جماعتوں کے پارٹی ورکرز اور سپورٹرز نے جماعت اسلامی کو تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، کارکنان مہم کو مزید بھرپور طریقے سے چلائیں،ایک ایک فرد سے رابطہ کریں،ان شاء اللہ جماعت اسلامی کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائے گی،کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کا سب سے بڑا اور دیرینہ مسئلہ پانی کی عدم فراہمی ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ پانی کا کے تھر ی منصوبہ جماعت اسلامی کے سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے مکمل کیا تھا اور اب کے فور منصوبہ بھی جماعت اسلامی کا میئر ہی مکمل کرے گا،کراچی میں سیوریج کا نظام تباہ حال ہے، الحمد للہ جماعت اسلامی کے پاس با صلاحیت افراد موجود ہیں جو پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کے حوالے سے مکمل معلومات رکھتے ہیں اور پانی و سیوریج کے نظام کو بہتر بنا سکتے ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا میئر اختیارات کا رونا نہیں روئے گا بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کرے گا،ہم نے بلدیاتی اختیارات کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر 29دن کا تاریخی دھرنا دیا اور سندھ حکومت کو مجبور کیا کہ وہ کراچی کو بااختیار بنائے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ پانی کا بڑا مسئلہ لیکیج کا بھی ہے ہم کہتے ہیں کہ یہ لیکیج نہیں بلکہ پانی کی چوری ہے جو ٹینکر مافیا کو فروخت کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کامیئر آئے گاتو اس کرپشن کا بھی خاتمہ کرے گااور جتنے بھی کرپشن کے راستے ہیں سب بند کرے گا، معمولی سی بارش سے ہی برسات کا پانی ندی نالوں میں بھرنے کے بعد گلیوں اور سڑکوں میں آجاتا ہے جس کے باعث شہریوں کے لیے باران رحمت باران زحمت بن جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں پی ٹی آئی کے 14ایم این اے اور 30ایم پی ایز منتخب ہوئے انہوں نے صوبائی اسمبلی میں اتنی بڑی تعداد ہونے کے باجود جب کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا تو بلدیاتی حکومت میں یہ لوگ کراچی کے لیے کیا کرسکتے ہیں؟پی ٹی آئی صرف سوشل میڈیا پر کراچی فتح کرسکتی ہے عملاً کچھ نہیں کرسکتے۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ کراچی کے مسئلے کا حل صرف جماعت اسلامی ہے، وفاقی وصوبائی حکومت میں نہ ہونے کے باوجود نعمت اللہ خان نے کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے،کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام بنیادی ضروری اشیاء سے محروم ہیں ان سب کے باوجود کراچی نے 1.6 ٹریلین ٹیکس کی مد میں جمع کرائے جو کہ گزشتہ سال کی نسبت 42فیصد زیادہ ٹیکس جمع کروایا ہے۔وفاقی و صوبائی حکومتیں کراچی کو مسلسل نظر انداز کررہی ہیں،حکمران جماعتوں کے لوگ انتخابات کے آتے ہی گلی محلوں اور علاقے کی سطح پر نظر آتے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد پانچ سال تک غائب رہتے ہیں۔
Load Next Story