پاکستان اوور60 کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلےعالمی کپ میں شرکت کرے گا

پاکستان کی 16 رکنی ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر فواد اعجاز خان کریں گے

فوٹو: انٹرنیٹ

پاکستان 60 برس سے زائد العمر کھلاڑیوں کے پہلےعالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا۔

آسٹریلیا کے شہر برسبین میں 2 تا 15 ستمبر تک ہونے والے افتتاحی اوور60ورلڈ کپ میں پاکستان کی 16 رکنی ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر فواد اعجاز خان کریں گے۔

لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس کے چھوٹے بھائی صغیر عباس نائب کپتان ہوں گے،دیگر کھلاڑیوں میں سید غفار کاظمی، طاہر رشید (وکٹ کیپر)، بشارت علی بابر، محمد اسلم، اشرف پکھلی، محمد اشرف، محمد یونس، طاہر گل، محمد یعقوب، ندیم موسیٰ ، سید عابد علی نقوی، سید منصور حسین، طاہر بخش اور وقار احمد شامل ہیں،جمیل گل اور محمد اکرم اسٹینڈ بائی کھلاڑی ہوں گے جبکہ محمد عامر سرفراز منیجر اور ذاکر بیگ ٹیم کوآرڈینیٹر کی زمہ داری ادا کریں گے۔


12 ٹیموں کے ایونٹ میں پول اے آسٹریلیا، بھارت، سری لنکا، زمبابوے، کینیڈا اور ویلز پر مشتمل ہے، پول بی میں پاکستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، امریکہ اور ریسٹ الیون شامل ہوں گی۔

پاکستان اپنا پہلا پول میچ 3 ستمبر کو جنوبی افریقہ ،دوسرا میچ 4 ستمبر کو ویسٹ انڈیز ، تیسرا میچ 6 ستمبر کو نیوزی لینڈ ، چوتھا میچ 7 ستمبر کو ریسٹ الیون اور آخری پول میچ 9 ستمبر کو امریکہ کے خلاف کھیلے گا۔

ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل 11ستمبر کوجبکہ فائنل 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا، 29 اگست کو برسبین روانہ ہونے والی پاکستان ٹیم کا اسپانسر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہے۔
Load Next Story