نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری مزید106گاؤں کی بجلی منقطع

بھٹ شاہ کے 12 دیہات پر 70 لاکھ، کھپرو کے 19 گاؤں پر ایک کروڑ روپے کے واجبات ہیں

بھٹ شاہ کے 12 دیہات پر 70 لاکھ، کھپرو کے 19 گاؤں پر ایک کروڑ روپے کے واجبات ہیں, فوٹو:فائل

زیریں سندھ میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف حیسکو کی کارروائیاں جاری، مزید 106 دیہات کی بجلی کاٹ دی گئی جن میں بھٹ شاہ کے 12 اور کھپرو تعلقہ 19 گاؤں شامل ہیں، عدم ادائیگی پر 2 سو گھریلو اور کمرشل کے کنکشن بھی منقطع کردیے گئے۔


تفصیلات کے مطابق حیسکو بھٹ شاہ کی جانب سے نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 70 لاکھ بقایا جات کی عدم ادائیگی پر 12 دیہات مرزو شاہانی، سلامت کیریو، مصری شاہ، جمع کھیر اور دیگر کی بجلی منقطع کردی گئی۔ ایس ڈی اوحیسکو بھٹ شاہ منیر احمد پہنور نے کہا کہ بھٹ شاہ سے بجلی چوری کا بھی بہت حد تک خاتمہ کردیا گیا ہے۔ایس ڈی او نے 10 گاؤں کی بجلی ایک کروڑ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر منقطع کردی جبکہ 2 کروڑ روپے سے زائد بقایا جات کی عدم ادائیگی پر 200 سے زائد کمرشل اور گھریلو صارفین کے کنکشن بھی کاٹ دیے۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو سلیم جات کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی او کھپرو ملک غلام نبی نے لائن سپرنٹنڈنٹ لکھی بھگوانداس، خان محمد ابڑو اور لیبر یونین کے چیئرمین راجہ شوکت علی خان قائم خانی کے ہمراہ ایک کروڑ روپے سے زائد بقایا جات کی عدم ادائیگی پرکامبودڑو، عیسیٰ سمیجو، نظام نوہڑی، یار محمد بھیو، لعل بگلو بھیڑی، عابد ہنگورجو، ولی محمد، نور علی، امین تھیبو سمیت 19 گاؤں کی بجلی منقطع کردی جبکہ 2 کروڑ روپے سے زائد بقایا جات کی عدم ادائیگی پر 2 سو سے زائد کمرشل اور گھریلو صارفین کے بجلی کنکشن بھی کاٹ دیے۔

ایس ڈی او نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو حیسکو کی ہدایت پر نادہندگان کیخلاف خصوصی مہم شروع کی گئی ہے اور مہم کو کامیاب بنانے کیلیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو تعلقہ سندھڑی اور تعلقہ کھپرو میں بقایا جات کی عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع کرنے میں مصروف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نادہندگان کیخلاف مہم کے دوران سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائیگا اور بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں گی۔نواب شاہ سے نامہ نگار کے مطابق ایس ڈی او حیسکو (واپڈا) دوڑ کریم بخش ڈہری کی ہدایات پر بجلی کے کروڑوں روپیکے واجبات جمع نہ کرانے پر تعلقہ دوڑ محکمہ آبپاشی، اسکارپ، ایری گیشن کالونی سمیت 35 سرکاری ٹیوب ویلوں کی بجلی کاٹ دی گئی جبکہ 40 سے زیادہ گاؤں گوٹھوں کیکنکشنز بھی بقایات نہ دینے کی وجہ سے کاٹ دیے گئے۔ ادھر حیسکو دوڑ نے تعلقہ کے قریب و جوار کے 35 سے زائدگوٹھوں جن میں چھتو پتافی، گوٹھ فتح جمالی، حاجی خان جمالی سمیت دیگرگاؤں شامل ہیں بجلی بھی عدم ادائیگی پر منقطع کر دی ہے ۔
Load Next Story