عدالت نے دعا زہرہ کو دارالامان بھیجنے کا حکم دے دیا
گھر والوں اور رشتے داروں سے جان کا خطرہ ہے، لہٰذا دارالامان بھیج دیا جائے، دعا زہرہ کا عدالت میں بیان
کراچی سے پنجاب جاکر پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرہ کو عدالت نے دارالامان منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دعا زہرہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے اپنے بیان میں درخواست کی ہے کہ اُسے دارالامان بھیج دیا جائے، جس پر عدالت نے دعا زہرہ کو دارالامان منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں بیان دیتے ہوئے دعا زہرہ کا کہنا تھا کہ مجھے گھر والوں اور رشتے داروں سے جان کا خطرہ ہے، لہٰذا مجھے دارالامان بھیج دیا جائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دعا زہرہ خدشات کا اظہار کرچکی ہے کہ اسے جان سے مارے جانے کا خوف ہے۔
اپنی حالیہ درخواست میں بھی دعا زہرہ نے عدالت سے استدعا کی کہ اُسے جان کا خطرہ لاحق ہے، لہٰذا اسے دارالامان منتقل کردیا جائے۔
دعا زہرہ کی درخواست سننے کے بعد عدالت نے اُسے لاہور کے دارالامان منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔