قرآن پر حلف لے کر کہتا ہوں کسی رکن اسمبلی کو چالیس کروڑ روپے کی پیش کش نہیں کی عطا تارڑ
فواد چوہدری ثابت کردیں تو ہمیشہ کے لیے سیاست چھوڑ کر گھر پہ بیٹھ جاؤں گا، صوبائی وزیر داخلہ
وزیر داخلہ پنجاب عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حسب معمول رونا شروع کردیا ہے، فواد چوہدری قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف لیں کہ میں نے کسی رکن کو چالیس کروڑ روپے کی پیش کش کی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔
پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے اس لیے رو رہے ہیں کہ وہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو کو وزیر اعلیٰ نامزد کرچکے ہیں، اسی وجہ سے پی ٹی آئی کے اراکین پرویز الہیٰ کو ووٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہیں، آج ان کی پارلیمانی پارٹی میں صرف 100 اراکین آئے جبکہ ان کی تعداد 188 ہے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری میری گرفتاری کا مطالبہ کررہے ہیں جبکہ ان کا خود پتہ نہیں کہ انہوں نے اگلا الیکشن کس جماعت کی ٹکٹ پر لڑنا ہے، یہ اب تک 5 جماعتیں تبدیل کر چکے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ فواد چوہدری رونا بند کر دیں۔
عطا اللہ تارڑ نے الزام عائد کیا کہ یہ اپنے چچا کے نام پر دونوں فریقین سے پیسے پکڑتے تھے، ان کی کمائی کا ایک پیسہ حلال کا نہیں ہے ، فواد چوہدری الزام لگا رہے ہیں کہ میں نے ان کے ایم پی اے چوہدری مسعود کو 40 کروڑ کی پیش کش کی جبکہ وہ تو تین اپریل 2022 کو پارٹی پالیسیوں سے تنگ آکر اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہوچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: زرداری ہمارے ایم پی ایز کو 50 کروڑ میں خریدنے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ 'میں قرآن پر حلف دینے کو تیار ہوں کہ چوہدری مسعود کو کوئی پیسہ آفر نہیں کیا گیا، فواد چوہدری قرآن پر حلف لے کر ثابت کردیں تو ہمیشہ کیلیے سیاست چھوڑ دوں گا اگر ایسا نہیں ہے تو وہ بیان بازی سے گریز کریں'۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے اور ان کے ووٹوں میں 7 ووٹوں کا فرق ہے ، فیصل نیازی اور جلیل شرقپوری سے آج بھی رابطہ ہے ، جلیل شرقپوری واپس آئے تو انہیں واپس لیں گے ، ہو سکتا ہے کہ پی ٹی آئی کے مزید استعفے بھی آ جائیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہمارے رکن اسمبلی مولانا الیاس چینیوٹی کو پرویز الہی اور اُن کے صاحبزادے نے حج کے دوران دس کروڑ روپے رشوت کی پیش کش کی، مونس الہی بھی جہاز پر ہمارے ایک بندے سے ملاقات کے لیے گئے ، ہماری ایک خاتون کو رشوت آفر کی تو انہیں گالیاں دے کر باہر نکالا گیا۔