منشیات کے 3 عالمی اسمگلروں کو عمر قید اور جرمانے کی سزا

ملزمان نے منشیات اسمگل کردی تھی، اے این ایف نے بحری جہاز عمان سے واپس بلوالیا تھا

ملزمان نے منشیات اسمگل کردی تھی، اے این ایف نے بحری جہاز عمان سے واپس بلوالیا تھا۔ فوٹو: فائل

انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ثنا اﷲ خان غوری نے منشیات کے عالمی اسمگلروں حاجی خان ، ناصر خان اور راجہ محمد اشرف کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور فی کس 10لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔


مجرموں کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 5برس قید بھگتنا ہوگی، استغاثہ کے مطابق ملزمان ریڈ اکسائڈ آئرن افریقہ برآمد کرنیکی آڑ میں لکڑی کے درجنوں صندقوں سے میں اربوں روپے کی100کلو اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن اسمگل کی تھی، اے این ایف نے بحری جہاز کو واپس بلوایا تھا اور25اگست 2011کوملزمان کی نشاندہی پرکنٹینر سے منشیات برآمد کی تھی۔

دوران سماعت اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ارشد ریاض مغل نے استغاثہ کے 12گواہوں کو پیش کیا تھا جنھوں نے تینوں ملزمان کو شناخت بھی کیا تھا، گواہوں کے بیانات اور لیبارٹری رپورٹ نے استغاثہ کی مدد کی تھی، علاوہ ازیں تینوں مجرمان سزا یافتہ عادی مجرم ہیں، راولپنڈی میں بھی منشیات کی الزام میں گرفتار ہوئے تھے، مجرم ناصر خان بیروں ملک میں بھی پانچ برس قید بھگت چکا ہے،مجرم ناصر خان کو لندن کی عدالت نے منشیات رکھنے کے الزام میں 5برس اور جرمانے کی سزا دی تھی، مجرم سزا بھگتنے کے بعد واپس پاکستان آگیا تھا۔
Load Next Story