پنجاب بارش کے باعث چھتیں گرنے سے 5 افراد جاں بحق 8 زخمی

گجرات میں جاں بحق بچیوں کی عمریں 12 سے 14 برس تھی، والد والدہ سمیت 4 بچے زخمی، بارش 26 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی

ریسکیو ذرائع کے مطابق گرنے والی چھتیں خستہ حال تھیں، (فوٹو فائل)

پنجاب میں شدید بارشوں کے باعث چھتیں گرنے کے دو مختلف واقعات میں 2 بچیوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گجرات کے علاقے ہیرا پور میں ڈیرے کی چھت گرنے سے 2 کم سن بچیاں جاں بحق اور 6افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق خستہ حال چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والی دونوں بچیوں کی عمریں 12 سے 14 سال کے درمیان ہے جب کہ زخمیوں میں والد اور والدہ سمیت 4 بچے بھی شامل ہیں۔


دوسری جانب لاہور کے علاقے سلامت پورہ میں عید گاہ کے قریب گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ ایدھی رضاکار کے مطابق چھت ٹی آر کی بنی ہوئی تھی۔ ملبے تلے دبی ایک خاتون کو تاحال نکالا نہیں جا سکا۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

علاوہ ازیں لاہور کے علاقے دروغہ والا چوک کے قریب موٹرسائیکل رکشہ مکینک ورکشاپ کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے دب کر دو افراد زخمی ہوئے تھے، جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے لاہور میں بارش کا سلسلہ 26 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی کررکھی ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی زیادہ سے زیادہ بارش 156 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے انتظامیہ کو چوکس رہنے کا حکم دیتے ہوئے ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
Load Next Story