بھتیجے کو بچانے کےلیے ندی میں چھلانگ لگانے والی پھوپھی ڈوب گئیں

اہل خانہ کے ہمراہ پکنک مناتے ہوئے بچے کا پاؤں پھسل گیا

اہل خانہ کے ہمراہ پکنک مناتے ہوئے بچے کا پاؤں پھسل گیا فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
حب ندی میں پانچ سالہ بھتیجے کو بچاتے ہوئے پھوپھو بھی ڈوب گئیں ، دونوں کی تلاش میں غوطہ خوروں نے آپریشن شروع کردیا۔

اہل خانہ کے ہمراہ پکنک مناتے ہوئے بچے کا پاؤں پھسل گیا جس سے وہ ندی میں جاگرا۔ گزشتہ روز بلدیہ ٹائون کے علاقے رئیس گوٹھ سے گزرنے والی حب ندی میں پائوں سلپ ہونے سے بچہ گرگیا ، بچے کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے اس کی پھوپھو نے بھی ندی میں چھلانگ لگادی لیکن دونوں ہی کنارے پر واپس نہ آسکے۔


موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر ایدھی حکام کو واقعے سے آگاہ کیا ، ایدھی حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی ایدھی کے غوطہ خور موقع پر پہنچ گئے اور دونوں کی تلاش شروع کردی۔

اہل خانہ نے بتایا کہ وہ اورنگی ٹائون کے علاقے راجہ تنویر کالونی کے رہائشی ہیں اور رئیس گوٹھ سے بہنے والی حب ندی پر پکنک کی غرض سے آئے تھے ، تمام اہل خانہ خوش گپیوں میں مصروف تھے کہ اس دوران اچانک پانچ سالہ عبداللہ ولد عبید اللہ کھیل کود کے دوران پاؤں سلپ ہونے سے ندی میں جاگرا۔

اسے گرتا دیکھ کر اس کی پھوپو تیس سالہ فائزہ بی بی زوجہ صاحب اللہ نے بچانے کی غرض سے ندی میں چھلانگ لگادی لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی واپس نہیں آسکے ، ایدھی حکام نے مزید بتایا کہ دونوں کی تلاش میں فوری طور پر حب ندی میں آپریشن شروع کردیا گیا لیکن پانی کا بہائو زیادہ تیز ہونے کے باعث غوطہ خوروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
Load Next Story