ضمنی انتخابات کے نتائج سے ہمیں کوئی بڑا دھچکا نہیں پہنچا ن لیگ

جو اقدامات اٹھائے اس پر کوئی شرمندگی نہیں ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے پر دباوٴ سیاسی صورتحال کی وجہ سے، مفتاح اسماعیل


ویب ڈیسک July 21, 2022
جو اقدامات اٹھائے اس پر کوئی شرمندگی نہیں ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے پر دباوٴ سیاسی صورتحال کی وجہ سے، مفتاح اسماعیل (فوٹو : فائل)

KIEV: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے مسلم لیگ ن کو کوئی بڑا دھچکا نہیں پہنچا، شفاف انتخابات سے ہمارے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کی جیت ہوئی۔

یہ بات (ن) لیگی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں سات سیٹوں پر ہمارے پاس امیدوار نہیں تھے، تیرہ نشستوں پر الیکشن لڑا اور پہلے سے زیادہ ووٹ لیے، بعض جگہوں پر جو امیدوار 2023ء کے الیکشن کے لیے ذہن بنا کر بیٹھے تھے ان کی جگہ دوسرے امیدواروں کو الیکشن لڑوایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا الیکشن ہے جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی نے بھی بہتری حاصل کی ہے اور مسلم لیگ ن نے بھی بہتری حاصل کی ہے، اس سے قبل پی ٹی آئی دور کے ضمنی انتخابات میں پریذائیڈنگ آفیسر اغوا کیے گئے، اغواہ کنندہ کو چاولوں کے شیلر پر لے جایا گیا، جو انسپکٹر انہیں لے کر گیا وہ اب وعدہ معاف گواہ بنا ہوا ہے، اس کیس پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ موجود ہے اور یہ کیس ابھی ختم نہیں ہوا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ میں نے نہیں کہا کہ پرویز الٰہی ڈاکو ہے کیوں کہ مجھے پرویز الٰہی سے گزارے وقت کا پاس ہے، عمران خان نے پرویز الٰہی کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا اور آج اس ڈاکو کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کے لیے کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے مسلم لیگ ن کو کوئی بڑا دھچکا نہیں پہنچا، نہ مسلم لیگ ن کے بیانیے کی عوام میں غیر مقبولیت ہوئی، مسلم لیگ ن کے دور میں ہونے والے ان 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات تاریخ کے شفاف ترین ہیں، ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے بیانیے کی جیت ہوئی ہے۔

ن لیگ کے وفاقی وزیر نے کہا کہ باوجود اس کے کہ ہمارا اقتدارِ داوٴ پر لگا تھا ہم نے ووٹ کا تقدس برقرار رکھا ہے، ہم نے ووٹ کو عزت دو کے بیانییے کو پروموٹ کیا۔

چیئرمین نیب کی تقرری سے متعلق انہوں نے کہا کہ میں اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نیب بھگت چکے ہیں، ہم ضمانتوں پر ہیں اور ہمارے خلاف ادارے استعمال ہوئے، اچھی شہرت کے حامل شخص کو چیئرمین نیب لگایا ہے کوئی اس کے کردار پر انگلی نہیں اٹھاسکتا۔

جو اقدامات اٹھائے اس پر کوئی شرمندگی نہیں ہے، مفتاح اسماعیل

وزیر خزانہ نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور فرنس آئل کی درآمد کم ہوئی ہے، معیشت بہتر چل رہی ہے، جو اقدامات اٹھائے اس پر کوئی شرمندگی نہیں ہے کیوں کہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے یہ اقدام اٹھائے ہیں۔

اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس مہینے درآمدات میں کمی ہوئی، اسٹیٹ بینک نے پابندیاں لگائی ہیں اس سے درآمدات میں کمی ہوئی آگے جاکر مزید کمی ہوگی، ڈالر کے مقابلے میں روپے پر دباوٴ سیاسی صورتحال کی وجہ سے، جب سے حکومت نے اعلان کیا کہ ہم نہیں جارہے ہیں اس وقت سے مارکیٹ میں ٹھہراوٴ آیا ہے جس سے روپے پر دباوٴ کم ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |