نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں وزیر دفاع
اداروں کا نیوٹرل ہونا خوش آئند ہے، کسی ادارے نے مداخلت چھوڑ دی تو ہمیں خوش ہونا چاہیے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی اطلاعات (انفارمیشن) نہیں ہیں۔
اسلام آباد میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے بعد مختلف قسم کے تجزیے سامنے آئے جن کی وضاحت کیلیے ہم پیش ہوئے تاکہ عوام میں پھیلائی جانے والی بے چینی کو ختم کردیں۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو اپنی نشستیں ملیں البتہ ایسے علاقے جہاں ہمارا ووٹ بینک نہیں تھا ہمیں وہاں سے بھی عوام نے محبت دی، شکست کی دیگر وجوہات میں سے ایک وجہ منحرف اراکین کو ٹکٹ پر فوقیت دینا بھی ہے۔
مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات کے نتائج سے ہمیں کوئی بڑا دھچکا نہیں پہنچا، ن لیگ
آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ 'نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کا نیوٹرل ہونا خوش آئند ہے، کسی ادارے نے مداخلت چھوڑ دی تو ہمیں خوش ہونا چاہیے کیونکہ اداروں کو نیوٹرل ہوکر آئین کی حدود میں واپس آنا ہے۔ نئے چیئرمین نیب کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ اُن کا پولیس یا آئی بی کا پورا کیریئر بے داغ ہے، کوئی بھی شخص اس حوالے سے اُن پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔