کراچی کے تاجر سراپا احتجاج اضافی ٹیکس لگانے پر بجلی کے بل جلا دیے
تاجروں کا سیلز ٹیکس واپس لینے یا ختم کرنے تک بجلی کے بل نہ بھرنے کا بھی اعلان
شہر قائد کے تاجروں نے بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس لگانے کے خلاف احتجاج کیا اور بل ادا نہ کرنے کا بھی اعلان کردیا۔
بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس کے خلاف آل سٹی تاجر اتحاد کے تحت جمعرات کو تاجروں نے زیب النساء اسٹریٹ کو احتجاجاً بلاک کیا تھا۔
احتجاج کے دوران تاجروں کی جانب سے کے الیکٹرک اور ایف بی آر کے خلاف نعرے بازی کی اور تاجروں نے بجلی کے بل ادا نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بلوں کو نذر آتش کردیا۔
اس موقع پر آل سٹی تاجر اتحاد کے چئیرمین شرجیل گوپلانی نے کہا کہ کراچی کے تاجروں سے بجلی کے بلوں میں غیرمنصفانہ سیلز ٹیکس کے خلاف روزانہ احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بجلی کے بلوں پر پہلے ہی سیلز ٹیکس کی ادائیگیاں کررہے ہیں، نئے ظالمانہ اقدامات کے ذریعے کم از کم 6 ہزار روپے کا اضافی سیلز ٹیکس بند دکانوں پر بھی عائد کردیا گیا ہے، دہرا سیلز ٹیکس عائد ہونے پر تاجر پریشان اور سراپا احتجاج ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ جب تک اضافی سیلز ٹیکس ختم نہیں ہوتا تاجر بجلی کے بلوں کی ادائیگیاں نہیں کریں گے۔ اس موقع پر احتجاجی تاجروں نے زیب النساء اسٹریٹ پر دھرنا دیا اور تھوڑی دیر بعد خود ہی منتشر ہوگئے۔