سری لنکا نے ایشیا کرکٹ کپ 2022 کی میزبانی سے معذرت کرلی
سیاسی اور معاشی صورتحال کی وجہ سے ملک میں ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، سری لنکا کرکٹ
KUALA LUMPUR:
سری لنکا نے سیاسی اور معاشی بحران کے باعث ایشیا کرکٹ کپ 2022 کی میزبانی سے معذرت کرلی۔
سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو ایونٹ کی میزبانی سے متعلق اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق ایس ایل سی نے اپنے فیصلے کے بارے میں اے سی سی کو آگاہ کردیا اور کہا کہ وہ ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال کی وجہ سے ملک میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
ایشیا کپ امسال اگست اور ستمبر میں آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل منعقد ہونا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ایونٹ کے انعقاد کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے۔ تاہم ایشیا کرکٹ کپ بھارت سمیت کسی بھی ایشیائی ملک میں ہو سکتا ہے۔
سری لنکا ممکنہ طور پر یو اے ای کرکٹ بورڈ سے درخواست کرے گا کہ وہ ایک ایسے مقام کا انتخاب کرے جہاں وہ ایونٹ کی میزبانی کر سکے۔