پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ہونے والے انتخاب کے تناظر میں کہا ہے کہ سب کو معلوم ہے کہ ہماری پارٹی کے پاس پورے نمبرز ہیں، اگر چوری کے پیسے سے عوامی مینڈیٹ خریدا گیا تو پھر جو ہوگا اُس کا ذمہ دار میں نہیں ہوں گا۔
لاہور لبرٹی چوک پر جمع پی ٹی آئی کارکنان اور بذریعہ سوشل میڈیا کارکنان سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ہرانے کی منصوبہ بندی کی گئی مگر عوام نے ساری پلاننگ کو ناکام بنادیا، ایسے انتخابات کروانے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ جتنا پیسا پنجاب ضمنی الیکشن میں چلا، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، سکندر سلطان جیسا بد دیانت الیکشن کمشنر نہیں دیکھا، ہم اس الیکشن کمشنر کی نگرانی میں عام انتخابات نہیں لڑیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہماری حکومت نے پورا زور لگایا کہ الیکشن ای وی ایم سے کرائے جائیں لیکن پی ڈی ایم سے زیادہ ای وی ایم کی مخالفت الیکشن کمیشن نے کی، عام انتخابات میں دھاندلی کے 163 طریقے ہیں جو ای وی ایم کے استعمال سے ختم ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہا کہ من پسند الیکشن کے ذریعے بھی عوام کو غلام بنایا جاتا ہے، ہمارے دور میں اتحادی ہمیں بلیک میل کرتے رہے انہوں نے آئین سے غداری کی اور دوسری طرف جا کر بیٹھ گئے۔
عمران خان نے خبردار کیا کہ زرداری، شہباز شریف، فضل الرحمان پنجاب اسمبلی کے الیکشن میں پیسا چلانے کی کوشش کررہے ہیں، اگرکل چوری کے پیسے سے عوام کا مینڈیٹ چرایا کیا گیا تو یہ ملک سری لنکا کی طرف جائے گا، پھر جو ہوگا میں ذمہ دار نہیں ہوں گا، لوگ میرے کنٹرول میں نہیں رہیں گے کیونکہ قوم اب جاگ چکی ہے اور مینڈیٹ چرانے پر کسی صورت خاموش نہیں بیٹھے گی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اگر کل دھاندلی ہوئی تو پھر میں آپ سے رات کو مخاطب ہوں گا اور پھر ہم اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، اگر عوام کے مینڈیٹ کو عزت دی گئی تو پھر ہم اللہ کا شکر ادا کریں گے اور جشن منائیں گے، ہماری حکومت آئی تو عوام پر ظلم کرنے والے افسران کو ہم نہیں بھولیں گے۔