آئندہ ماہ پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہوجائے گا وزیر خزانہ کی کابینہ کو بریفنگ

رواں مالی سال گزشتہ سال کی نسبت ملک میں اقتصادی ترقی کی شرح بہتر رہے گی، اجلاس میں بریفنگ


ویب ڈیسک July 21, 2022
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس (فوٹو فائل)

LONDON: وفاقی کابینہ کو بتایا گیا ہے کہ امریکی ڈالر کی قیمت کو کم کرنے اور پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں اور آئندہ ماہ پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہوجائے گا۔

وزیراعظم نے لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی کابینہ کو امریکی ڈالرز کے ریٹ میں حالیہ اضافے کے بارے میں بریفینگ دی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے اجلاس کو بتایا کہ امریکی ڈالر کی قیمت کو کم کرنے اور پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں اور آئندہ مہینے پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہوجائے گا۔

وفاقی وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ رواں مالی سال گزشتہ سال کی نسبت ملک میں اقتصادی ترقی کی شرح بہتر رہے گی کیونکہ موجودہ حکومت نے پیداواری شعبے بشمول زراعت کے شعبے کو تاریخی ٹیکس مراعات دی ہیں، جن کے نتیجے میں صنعتی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ اور زراعت کے شعبے کی ترقی یقینی بنائی جا رہی ہے، ان اقدامات سے مقامی پیداوار کی بدولت در آمدات میں کمی، روزگار میں اضافہ اور بر آمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے.

وفاقی کابینہ نے آفتاب سلطان ریٹائرڈ پولیس سروس آف پاکستان آفیسر کی بطور چیئرمین تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کی مدت 3 سال کردی گئی ہے جس کی معیاد بڑھائی نہیں جاسکتی۔

چیئرمین نیب کی تعیناتی قومی اسمبلی میں لیڈر آف ہاؤس اور لیڈر آف اپوزیشن کی مشاورت سے کی جاتی ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پرافغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے ملٹی ماڈل ایئر-روڈ کوریڈور کی منظوری دے دی۔

'پاکستان اور ترکی کے درمیان ٹریڈ ان گڈز معاہدے پر دستخط کی منظوری'

وفاقی کابینہ نے وزراتِ تجارت کی سفارش پر پاکستان اور ترکی کے مابین ٹریڈ اِن گڈز معاہدے پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی پاکستان اور ترکی نے وزیراعظم کے حالیہ دورہء ترکی کے دوران اس معاہدہ پر دستخط کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس معاہدے کے ذریعے پاکستان اور ترکی کو ایک دوسرے کی سروسز اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بہتر رسائی ملے گی۔

شرکا کو بتایا گیا کہ ترکی کی طرف سے پاکستان کو 261 ٹیرف لائنز پر رعایت فراہم کی جائے گی جس میں 123 اشیاء پر فوری طور پر زیرو ریٹنگ بھی شامل ہے جبکہ پاکستان کی طرف سے ترکی کو 130 ٹیرف لائنز پر رعایت کی پیش کش کی گئی ہے. ان اشیاء میں 8 بڑے شعبوں کی مصنوعات جن میں زراعت، کیمیکل، چمڑے، پلاسٹک، ربڑ، انجینئرنگ اور دھاتی صنعتوں کی مصنوعات شامل ہیں.

مزید پڑھیں: آفتاب سلطان کو چئیرمین نیب تعینات کردیا گیا

بریفنگ میں بتایا گیا کہ معاہدے سے پاکستان اور ترکی کے مابین کے دو طرفہ تجارت کا حجم بڑھ کر 5 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ وزیراعظم نے اس معاہدے کےحوالے سے وزراتِ تجارت کی کوششوں کو سراہا۔

وفاقی کابینہ نے افغانستان میں پاکستانی اسپتالوں کے آپریشنز، دیکھ بھال، سامان کی فراہمی اور اسٹاف کی تنخواہوں کے حوالے سے افغانستان کی حکومت کو فنڈز کی منتقلی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کی سفارش پر چیئرمین فیڈرل لینڈز کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کا استعفیٰ منظور کرنے کی منظوری دی اور نئے چیئرمین فیڈرل لینڈز کمیشن کی تعیناتی کا فیصلہ کابینہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 20 جولائی 2022 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ شرکا کو مزید بتایا گیا کہ یوریا اور گندم کی شفاف طریقے سے خریداری کو یقینی بناتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ بہترین معیار کو کم ترین قیمت پر خریدا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: جو اقدامات اٹھائے اس پر کوئی شرمندگی نہیں، مفتاح اسماعیل

اس حوالے سے متعلقہ حکام نے مہنگے ٹینڈرز کو بروقت مسترد کرکے کم قیمت ٹینڈرز کو بروقت یقینی بنایا.کابینہ نے چائینز فرم سے یوریا کی 100 امریکی ڈالرز فی ٹن کم قیمت پر درآمد کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے تجارت، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی، وفاقی سیکرٹری تجارت اور وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی کی کوششوں کو سراہا۔

کابینہ نے گندم کی خریداری کے حوالے سے طلب کی گئی قیمت سے 36 امریکی ڈالرز فی ٹن کم قیمت پر ٹینڈر کے عمل کو جلد از جلد نمٹانے پر وزارتِ نیشنل فوڈ سیکورٹی کی ٹیم کی تعریف کی وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کے 20 جولائی کے ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلے کی توثیق کی۔

وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لیے تجویز کیے گئے ناموں پر کابینہ کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی جو کہ ان ناموں پر غور کرنے کے بعد اپنی رپورٹ وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں