تھرمیں گندم کی ترسیل کا کام تیزی سے جاری ہے شرجیل میمن

وزیراعلیٰ ہاؤس میں قائم مانیٹرنگ سیل 24گھنٹے تھرکی صورتحال کومانیٹر کررہا ہے

ادویہ کی بڑی کھیپ اور ماہر ڈاکٹرز کی مزید ٹیموں کومتاثرہ علاقوں کو روانہ کردیا گیا۔ فوٹو: فائل

سندھ کے وزیراطلاعات وبلدیات شرجیل میمن نے کہاہے کہ تھرپارکر میں سندھ حکومت کی جانب سے جاری ریلیف کے کاموں میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔


ضلعی انتظامیہ کوتھرپارکرکے متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اورامدادی سامان کی فوری ترسیل کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ گندم کی ترسیل کا کام بھی تیزی سے جاری ہے،وزیراعلیٰ ہائوس کراچی میں قائم خصوصی مانیٹرنگ سیل 24گھنٹے تھرپارکرکی صورتحال مانیٹرکررہاہے،اس سیل کی نگرانی خودوزیراعلیٰ سندھ کررہے ہیں،اپنے دفترمیں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انھوں نے سکریٹری صحت،سکریٹری ریلیف،سکریٹری خوراک اوردیگرافسران کوہدایت کی کہ ریلیف کے کاموں میں کسی قسم کی کوئی کسرنہ چھوڑی جائے۔شرجیل میمن نے کہاکہ تھرپارکر کے تمام اضلاع میں موبائل ڈسپنسریوں کے ساتھ ساتھ کراچی اور حیدر آباد سے مزیدماہر ڈاکٹروں کی ٹیموں کو، جس میں خواتین ڈاکٹرزبھی شامل ہیں تھرپارکرروانہ کردیاگیاہے جبکہ ادویہ کی ایک بڑی مقداربھی انھیں فراہم کردی گئی ہیں۔

سندھ حکومت کے تحت42کروڑروپے کی مفت گندم کی ترسیل کے کام کوبھی تیزکیاگیاہے اوراس سلسلے میں قائم کردہ مانیٹرنگ کمیٹی تمام اضلاع تک گندم کی جلدسے جلدفراہمی کویقینی بنانے کیلیے اقدامات کررہی ہے، اس سلسلے میں محکمہ اطلاعات ونشریات کی جانب سے اخبارات میں متعلقہ کمیٹیوں کے چیئرمین اور ارکان کے فون نمبرزبھی شائع کروائے جارہے ہیں جس سے اگرکسی بھی متاثرہ کو امدادنہ ملے تووہ فوری طور پران سے رابطہ کرسکتاہے۔انھوں نے کہاکہ ہم تھرپارکرکے عوام کواس مصیبت کی گھڑی میں کسی صورت اکیلانہیں چھوڑیںگے اورنہ ہی ان کے نام پرکسی کوسیاست چمکانے کی اجازت دیںگے۔
Load Next Story