سانحہ تھر امداد کی تقسیم میں تاخیر پر وزیراعلیٰ سندھ برہم

متعلقہ محکموں کیخلاف تحقیقات کا حکم، چیف سیکریٹری سے 3 دن میں ابتدائی رپورٹ طلب


Staff Reporter March 12, 2014
بیمار صنعتوں کا دوبارہ سروے کی ہدایت، کوٹری ایفولینٹ پلانٹ منصوبے میں تاخیر کا نوٹس۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے ضلع تھرپارکرمیں امدادی سامان کی تقسیم وترسیل میں سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کومتعلقہ محکموں اور افسران کیخلاف غیرجانبدارابتدائی تحقیقات کرکے انھیں3دن کے اندرابتدائی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ احکام انھوں نے تھرپارکرمیں امدادی سامان کی ترسیل و تقسیم میں تاخیرکے اسباب کاجائزہ لینے کیلیے وزیراعلیٰ ہائوس میں اجلاس کی صدارت کے دوران دیے۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہا کہ 5 سال سے تھرپارکر کے عوام کی بلا امتیازخدمت کرتے آئے ہیں اوراسی دوران کبھی بھی قحط جیسے اناج کی کمی کی صورت حال پیدانہیںہونے دی،13دسمبر 2013 کوہونے والے ایک اجلاس میں جس میں تمام متعلقہ محکموں نے شرکت کی تھی ، محکمہ خوراک کو تھرپارکرکے گوداموں میں60ہزار گندم کی بوریاں فوری طورپرپہنچانے کے احکام دیے گئے تھے،پیپلز پارٹی کی حکومت تھرپارکر کی ترقی پر مکمل توجہ دے رہی ہے اوروہاں کے لوگوں کی بہتری اوردستیاب کوئلے کے ذخائرسے استفادہ حاصل کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اورسہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر لائیواسٹاک جام خان شورو نے تھرپارکر میں مویشیوں کی ویکسی نیشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی محکمہ صنعت کوسرمایہ کاری بورڈ کی مشاورت سے صوبے میں بیمار صنعتوں کادوبارہ سروے کرنے کے احکامات دیے ہیں تاکہ ان صنعتوں کوشفاف طریقے سے فوری بحال کیاجاسکے ،وزیراعلی نے سائٹ لمیٹڈکی انتظامیہ کوسائٹ ایریامیں سڑکوں کی تعمیرکے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات دیے جن کیلیے 27.5 کروڑ روپے حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں۔ انھوں نے حیدرآبادسائٹ ایریامیں ٹریٹمنٹ پلانٹ کی فوری تکمیل کے لیے بھی احکامات دیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں