
ایکسپریس نیوز کے مطابق ثمینہ بیگ کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں جبکہ نائلہ کیانی نے بھی آج ہی کے روز دنیا کی دوسری سب سے اونچی چوٹی پر پاکستان کا پرچم لہرایا۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکرٹری کرار حیدر کے مطابقٖ ثمینیہ بیگ نے یہ اعزاز اپنی 6 رکنی ٹیم کے ساتھ حاصل کیا ہے، انکے بھائی محبوب علی کا کہنا ہے کہ ثمینہ بیگ نے یہ اعزاز جمعے کی صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے حاصل کیا ہے۔ چوٹی پر پاکستانی جھنڈا لگانے کے بعد اب وہ واپسی کے راستے کی جانب گامزن ہیں۔
خواتین کوہ پیماؤں کی جانب سے چوٹی سر کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین کوہ پیمائی کے صبر آزما کھیل میں مردوں سے پیچھے نہیں، امید ہے دونوں کوہ پیما دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم اسی جذبے سے لہراتی رہیں گی۔
مزید پڑھیں: نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف ایک اور چوٹی سر کرنے نکل پڑے
دوسری جانب پاکستان میں رواں برس مہم جوئی کی سیاحت کے سیزن کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے، حکومت نے رواں برس تقریباً چھ سو کوہ پیماؤں کے گروپس کو مہم جوئی کے لائسنس جاری کیے ہیں۔
دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی 'کے 2' سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور ان کے اہل خانہ کو کامیابی پر مبارک پیش کرتا ہوں۔ ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کے عزم و ہمت اور بہادری کی علامت بن کر ابھری ہیں۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 22, 2022
دنیا بھر سے آنے والے لوگوں کے علاوہ پاکستان کے مہم جو نئے ریکارڈ قائم کرنے اور پرانے ریکارڈ توڑنے کے لیے سرگرم عمل ہیں اور ایسے ہی پاکستانی کوہ پیماؤں میں دو نامور خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی بھی شامل ہیں۔
ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے گذشتہ دنوں کے ٹو کو فتح کرنے کی اپنی اپنی مہم کا آغاز کیا تھا، دونوں خواتین کوہ پیما اس مہم جوئی کے لیے کافی عرصے سے تیاری کر رہی تھیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔