پی ٹی آئی نے سڑکیں بند کیں تو قانون حرکت میں آئے گا شرجیل میمن

وزیر اعلی نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ امن و امان بحال رکھا جائے اور سڑکوں کو بند نہ ہونے دیا جائے، صوبائی وزیر


Staff Reporter July 23, 2022
(فوٹو: فائل)

وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کوغنڈہ گردی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سندھ میں کہیں بھی سڑک بند کی اور عوام کو پریشان کیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔

جمعہ کی شب وزیر اعلی ہاؤس کراچی میں ہنگامی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ امریکی نہیں گجراتی خط پر عمران خان کو ناکامی ملی، ارکان کی خرید و فروخت کے الزام پر عمران خان فوری طور پر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی سے معافی مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو جھوٹ کے پیچھے لگایا ہوا ہے وہ ثابت کریں کہ کس رکن کو پیسے دیے گئے؟اگر کسی رکن اسمبلی کو رقم دینے کا ثبوت ہے تو عدالتوں سے رجوع کریں، پی ٹی آئی نے جو دعوی کیا اتنے ووٹ ان کو ملے، عمران خان کو امریکی نہیں گجراتی خط پر ناکامی ملی ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ وزیر اعلی نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ امن و امان بحال رکھا جائے کسی کو بھی سڑکیں بند نہیں کرنے دی جائیں، اب عوام عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے، عمران خان نے جیسا کیا ویسے ہی بھگت بھی رہے ہیں، اخلاقیات کی باتیں کرنے والے عمران خان کو تو خود کوئی اخلاق اور کردار نہیں ہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پھر وہی دھمکیاں اور ٹوئٹر پر ٹرینڈ چلانا شروع کردیا گیا، وہ وقت یاد کرو جب سینیٹ کا الیکشن ہوا تھا، یوسف گیلانی عددی حساب سے زیادہ تھے اس وقت عمران خان کو اخلاقیات نظر نہیں آئی، تب پیپلز پارٹی کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا تھا آج مکافات عمل ہو رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔