پنجاب اسمبلی کے اجلاس پر شوبز ستاروں کا ردعمل
پاکستان شوبز انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات ملکی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
اداکارہ ایمن خان نےاپنی انسٹا اسٹوری میں نجی نیوز چینل کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ'یہ پاکستان کے لئے افسردگی کا دن ہے، اللہ ہمارے ملک کو محفوظ رکھے'۔
گلوکار فرحان سعید نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ' حیرت انگیز اورناگوار بات ، قوم کے فیصلے کو بار بار کیسے چیلنج کر سکتے ہیں، یہ سیاست نہیں ہے اگر کوئی اس پر فخر کر رہا ہے'۔
اداکارہ مایا علی نے چوہدری شجاعت کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا جبکہ اداکارہ زارا نور عباس نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو بہادر ترین قرار دیا۔
اداکار احسن محسن اکرام نے اپنی پوسٹ میں سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ جس طرح عمران خان کے وقت رات 12 بجے عدالتیں کھلی تھیں اس طرح اب بھی کھولی جائیں۔
فیروز خان نے اپنی سپریم کورٹ سے امیدیں لگاتے ہوئے کہا کہ ' تمام نگاہیں اب سپریم کورٹ کی جانب ہیں'۔
علاوہ ازیں عمران خان کی ہمیشہ مخالفت کرنے کی وجہ سے شہ سُرخیوں کا حصہ بنی رہنے والی اداکارہ عفت عمر نے ایک ٹیوٹ میں لکھا کہ 'میری پارٹی ، میری مرضی ، شجاعت حسین'۔
سازشی جعلی خط سے شروع ہونے والا گیم اصلی خط پر ختم
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی میں 22 جولائی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے انتخاب ہوا، جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز دوبارہ وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو 179 ووٹ جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ق) کے امیدوار پرویز الٰہی کو 186 ووٹ ملے تھے۔
تاہم صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت پرویز الہٰی کو ملنے والے ووٹوں میں سے (ق) لیگ کے تمام 10 ووٹ مسترد کردیے تھے جس کے بعد حمزہ شہباز 3 ووٹوں کی برتری سے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔