ایران میں سیلاب نے تباہی مچادی 17 افراد ہلاک

55 افراد کو زندہ بچالیا گیا جب کہ 6 اب بھی لاپتہ ہیں

ایران میں سیلاب میں سیکڑوں لوگ پھنس گئے، فوٹو: فائل

ایران کے صوبہ فارس میں سیلاب کی وجہ سے کم سے کم 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

عرب نیوز نے سنیچر کو ایران کے سرکاری ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فارس کے گورنر یوسف کاریگر نے سنیچر کو بتایا کہ موسلادھار بارشوں کی وجہ سے استھبان شہر میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہوئی ہے۔

یوسف کاریگر کا مزید کہنا تھا ریسیکو ٹیموں نے ان 55 افراد کو بچا لیا ہے جو سیلاب کے پانی میں پھنس گئے تھے، تاہم ابھی تک چھ افراد لاپتہ ہیں۔


ایران کے محکمہ موسمیات کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ اس بار کئی دہائیوں سے خشک سالی کے شکار ملک میں شدید بارشیں ہوں گی، محکمے کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسا موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہو رہا ہے۔

بارشوں کے باعث دریا کے کنارے بنی عمارتوں اور سڑکوں کے لیے بھی خطرات بڑھ گئے ہیں۔

خیال رہے 2019 میں سیلاب کی وجہ سے ملک کے جنوبی حصے میں کم سے کم 76 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
Load Next Story