روپے نے ڈالر کی اکڑ نکال دی مزید 2 روپے کمی کے بعد 98 روپے سے بھی نیچے آگیا

اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 2 روپے 40 پیسے کمی کے بعد 97 روپے 90 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا۔

ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی نے مارکیٹ کو گھبراہٹ میں مبتلا کردیا ہے۔ فوٹو: فائل

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 2 روپے سے زائد کمی کے بعد 98 روپے سے بھی کم سطح پر آگیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روپے کی مسلسل بڑھتی قدر نے ڈالر کو نانی یاد کروا دی اور آج اوپن مارکیٹ میں قدر میں مزید 2 روپے 40 پیسے کمی کے بعد ڈالر 97 روپے 90 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا۔ ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی نے مارکیٹ کو گھبراہٹ میں مبتلا کردیا ہے۔

پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں حالیہ اضافے کی وجہ آئی ایم ایف کو کی جانے والی ادائیگیاں، زرمبادلہ کے کم ذخائر، رقم کی آمد کے محدود ذرائع اور معیشت کی کمزوریاں تھیں جب کہ کولیشن سپورٹ فنڈ، آئی ایم ایف کی قسط، یورو بانڈ کا اجرا، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی امداد اور تیل کی ادائیگیوں میں رعایت ملنے کی اطلاعات نے مارکیٹ کا رجحان تبدیل کردیا اور روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔
Load Next Story