پنجاب بار کونسل کے سیکریٹری اشرف راہی فائرنگ سے جاں بحق

پولیس نے شواہد اکھٹے کر کے وقوعہ کو سیل کردیا

فوٹو فائل

پنجاب بار کونسل کے سیکریٹری اشرف راہی کو نامعلوم افراد نے قتل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں واقع عثمان چوک کے قریب پیش آیا،جس میں اشرف راہی کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق محمد اشرف سیکشن افسر اور پنجاب بار کونسل کے سیکریٹری تھے، وہ حنیف پارک کے رہائشی جبکہ دو بچیوں کے والد تھے۔ پولیس نے بتایا کہ 50 سالہ اشرف گاڑی پر جارہے تھے کہ عثمان چوک کے قریب موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے انہیں نشانہ بنایا اور وقوعہ سے فرار ہوگئے۔


حکام کا کہنا ہے کہ وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد پولیس نے ہر پہلو سے تحقیقات شروع کردی ہے، ذاتی دشمنی کے حوالے سے لواحقین کا بیان بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔

پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔

ڈی آئی جی کا نوٹس، ایس پی سے رپوٹ طلب

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری نے اشرف راہی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی سے رپورٹ طلب کی اور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملزمان کو ٹریس کرنے کے لئے سی سی ٹی وی اور سیف سٹی کے کیمروں سے مدد لی جائے، نقص امن کا سبب بننے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔
Load Next Story