پراجیکٹ عمران کے سہولت کار آج بھی اداروں میں بیٹھے ہیں خواجہ سعد رفیق

ہمارا جرم غلطی کی نشاندہی اور اس پر بات کرنا تھا، وفاقی وزیر

(فوٹو فائل)

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی اور ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پراجیکٹ عمران کے سہولت کار آج بھی اداروں میں آرام سے نہیں بیٹھے۔

لاہور میں لبرٹی چوک پر حمزہ شہباز کی وزیراعلیٰ پنجاب کامیابی اور یکجہتی کے حوالے سے منعقدہ پارٹی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں آئین، جمہوریت، ووٹ کی عزت اور حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ریاستی اداروں میں موجود پراجیکٹ عمران کے سہولت کار آرام سے نہیں بیٹھے اور وہ ہاتھ پیر چلا رہے ہیں،ایسے لوگوں نے ہی 2018ء کے انتخابات میں آر ٹی ایس بٹھا کر بھی ہماری اکثریت کو اقلیت میں بدل کر ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم نے نتائج تسلیم نہیں کئے اور لانگ مارچ کی بجائے اپنی بات کی،ہماری قیادت کو جیلوں میں ٹھونسا گیا، جنہوں نے ہمیں جیلوں میں ڈالا، وہ جواب دیں کہ انہیں ہماری کیا کرپشن ملی، انہیں کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا کیونکہ ہمارا جرم غلطی کی نشاندہی اور اس پر بات کرنا تھا۔


خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم نے 2008 میں پیپلزپارٹی کا مقابلہ کیا اور اپوزیشن میں بیٹھ گئے، 2013 میں ہماری حکومت آئی تو پیپلزپارٹی نے ذمہ دارانہ اپوزیشن کی البتہ جمہوریت بعض لوگوں کو اچھی نہیں لگتی اس لیے پھر سے سازش ہوئی۔

ہمیں اللہ نے موقع دیا تو عمران خان کو جیل بھجوا کر دم لیں گے،عطا تارڑ

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان کی عادتیں ایسی ہیں کہ وہ جیل نہیں کاٹ سکتا تاہم قدرت نے اگر ہمیں موقع دیا تو انہیں جیل میں بھجوا کر دم لیں گے، عمران خان نے اپنی کشتی ڈوبتی دیکھ کر فرح گوگی کو باہر بھگا دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ گالیاں دیتا ہے اور مرضی کا فیصلہ لیتا ہے، اس عمران خان کو مرضی کے فیصلوں کی عادت پڑ گئی ہے، ملک کو لوٹنے کا حساب ابھی ہم نے چکتا کرنا ہے، لیکن اب ہم برداشت اور معاف نہیں کریں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کا حوصلہ چٹان جیسا ہے وہ برداشت کر گیا مگر ملک میں انصاف کا دوہرا معیار ہم برداشت نہیں کریں گے۔
Load Next Story