دورہ پاکستان انگلینڈ کو فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی

وینیوز، ہوٹلز اور روٹس کا جائزہ لینے والے مہمان آفیشلز وطن روانہ ہوگئے

دونوں سیریز کے شیڈول کا اعلان اگست کے دوسرے ہفتے میں متوقع (فوٹو: ای سی بی)

MUZAFFARGARH:
پاکستان نے انگلش وفد کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کا یقین دلا دیا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی وفد وطن واپس روانہ ہوگیا، مہمانوں نے اسلام آباد، کراچی، لاہور اور ملتان کے وینیوز پر سیکیورٹی سمیت انتظامات کا جائزہ لیا، اس دوران ایئرپورٹس، روٹس، اسٹیڈیمز کا دورہ کیا،انھیں اعلی سطح کے حکومتی اداروں اور پی سی بی حکام کی طرف سے بریفننگ بھی دی گئی،مہمانوں نے پاکستانیوں کی روایتی مہمان نوازی کا لطف اٹھایا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی بی کے نامزد آفیشلز نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، وفد اب اپنے بورڈ حکام کو تفصیلی رپورٹ پیش کرے گا جس کی روشنی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ستمبر میں 7میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈکپ کے بعد 3ٹیسٹ کے شیڈول کا حتمی فیصلہ ہوگا،باقاعدہ اعلان اگست کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے، ٹیسٹ 3مختلف وینیوز پر ہوں گے،طویل فارمیٹ کے ایک میچ کی میزبانی ملتان کو دیے جانے کا قوی امکان ہے۔انگلینڈ کی ٹیم آخری بار 2005 میں پاکستان آئی تھی،یوں 17سال بعد دوبارہ میزبانی کا موقع ملے گا۔

یاد رہے کہ انگلش اسکواڈ کو گذشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے پاکستان آنا تھا، نیوزی لینڈ کرکٹ نے سیکیورٹی کو جواز بناتے ہوئے اپنا اسکواڈ واپس بلایا تو انگلینڈ نے بھی دورے سے انکار کردیا،نقصان کی تلافی کیلیے رواں سال کے ٹور میں 2اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز شامل کیے گئے ہیں۔
Load Next Story