غداری کیسپرویز مشرف پر حملے کی اطلاع دینے والی ایجنسی کے سربراہ بریفنگ کیلئے طلب

خطرہ صرف ملزم کو نہیں، کمرہ عدالت اور وکلاء کے حوالے سے بھی سیکورٹی خدشات کا اظہار کیاگیا ہے، جسٹس فیصل عرب


ویب ڈیسک March 12, 2014
پرویز مشرف پر ممکنہ حملے کی اطلاع دینے والی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ کو عدالت بلایا جائے، جسٹس فیصل عرب فوٹو: فائل

غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف پر حملے کی اطلاع دینے والی سیکیورٹی اینسی کے سربراہ کو جمعرات کو بریفنگ کے لئے طلب کرلیا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے سماعت کے آغاز پر کہا کہ انہوں نے گذشتہ روز کچھ دستاویزات دیکھی ہیں، جس کے تحت خطرہ صرف ملزم کو نہیں، کمرہ عدالت، پراسیکیوٹر اور وکلاء صفائی کے حوالے سے بھی سیکورٹی خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر استغاثہ ٹیم کے رکن طارق حسن نے کہا کہ انہیں بھی اس معاملے پر تشویش ہے، وہ بھی اس معاملے کو غیر سنجیدہ نہیں لے رہے۔ جب بھی ملزم کو عدالت میں پیش ہونا ہوتا ہے کچھ نہ کچھ ہو جاتا ہے۔ یہی سب کے مفاد میں ہے کہ حفاظتی اقداما کیے جائیں۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات میں کوئی نہ کوئی تو ملوث ہوتا ہی ہوگا جادو کے ذریعے تو یہ سب کچھ نہیں ہوتا۔ پرویز مشرف کے وکیل شریف الدین پیرزادہ کا کہنا تھا کہ سلمان تاثیر کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کے بارے میں سب ہی جانتے ہیں، اب بھی ایسے عناصر موجود ہیں جو پرویز مشرف کو نقصان پہنچانے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔

عدالت نے جوائنٹ سیکریٹری داخلہ کو روسٹرم پر بلا کر انہیں ہدایت دیں کہ سابق صدر پرویز مشرف پر ممکنہ حملے کی اطلاع دینے والی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ کو کل عدالت بلایا جائے اور وہ انہیں چیمبر میں کل دوپہر اس سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دیں۔ کیس کی مزید سماعت کل ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں