زرمبادلہ کی طلب پوری کرنے کیلیے سونے کے ذخائر رہن رکھنے کا امکان مسترد

ابھی ایسی کوئی صورتِ حال نہیں ہے کہ سونے کو رہن رکھنا پڑے، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

فوٹو:فائل

اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کی طلب پوری کرنے کے لیے سونے کے ذخائر رہن رکھنے کے امکان کو مسترد کردیا۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک عنایت حسین کے مطابق پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر تقریباً نو اعشاریہ تین ارب ڈالر ہیں، پاکستان کے پاس موجود سونے کی قدر تین اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر ہے جو کہ ذخائر کے علاوہ ہے، ابھی اس قسم کی کوئی صورتِ حال نہیں ہے کہ سونے کو رہن رکھنا پڑے۔


انہوں نے کہا کہ بیرونی زر مبادلہ کی سطح اِس وقت خطرناک نہیں ہے، دسمبر سے لے کر اب تک روپے کی قدر میں اٹھارہ فیصد کمی آئی ہے جس میں سے بارہ فیصد کمی کی وجہ امریکی ڈالر کی قدر میں بین الاقوامی سطح پر اضافہ ہے، روپے کی قدر میں کمی کی دوسری وجہ طلب اور رسد ہے، ڈالر کی رسد کم اور طلب زیادہ ہونے کی وجہ سے روپے پر دباؤ تھا، ہماری توقعات یہ ہیں کہ درآمدات میں سست روی آئے گی جس سے طلب اور رسد کا فرق بتدریج کم ہوتا چلا جائے گا۔

ڈپٹی گورنر نے کہا کہ کسی بھی بینک یا آئل کمپنی سے حالیہ دنوں میں ایسی شکایت نہیں ملی کہ انہیں ایل سی (LC) کھولنے میں مشکل ہو رہی ہو، انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کا بنیادی کام یہ ہے کہ فارن ایکسچینج مارکیٹ میں انتشار نہ ہو، پاکستان میں فارن ایکسچینج مارکیٹ پوری طرح فعال ہے۔
Load Next Story