بارش کی تباہ کاریاں وزیراعظم کی سندھ حکومت کو مدد کی یقین دہانی

مشکل صورتحال میں سندھ حکومت کو وفاق ہرممکن مدد فراہم کرے گا، وزیراعظم کا وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام پیغام

(فوٹو: فائل)

وزیراعظم نے وفاقی اداروں کو ملک بھر سمیت بالخصوص سندھ میں بارش کی تباہ کاریوں کے دوران امداد کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ اس حوالے سے وفاق سندھ حکومت کی ہرممکن مدد کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم کو صوبائی حکومتوں اور اداروں کی بھرپور معاونت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں کے عوام کی جان اور مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

یہ پڑھیں : کراچی میں 200 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی



وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام پیغام میں کہا ہے کہ مشکل صورتحال میں سندھ حکومت کو وفاق ہرممکن مدد فراہم کرے گا، منتخب نمائندے متعلقہ اداروں کے ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کی موثر نگرانی کریں۔

وزیراعظم کی ہدایت پر چئیرمین این ڈی ایم اے نے حکومت سندھ سے رابطہ کیا اور حالیہ بارشوں سے پیدا کردہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جس کے مطابق صورتحال فی الحال صوبائی حکومت کے کنٹرول میں ہے۔


این ڈی ایم اے نے مزید ڈی واٹرنگ پمپس سندھ حکومت کے حوالے کر دئیے ساتھ ہی این ڈی ایم اے نے سندھ حکومت کو مزید تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
Load Next Story