وزیراعظم نے لیاری میں گینگ وارگروپوں کی فائرنگ سے ہونیوالی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا

وزیر اعظم رواں ہفتے کراچی کا دورہ کریں گے جہاں وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ لیں گے


ویب ڈیسک March 12, 2014
کراچی میں شہریوں کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدام اٹھائے جائیں، وزیراعظم کی وزیرداخلہ کوہدایت فوٹو؛فائل

لیاری میں گینگ وار گروپوں کے درمیان فائرنگ کے باعث ہونے والی ہلاکتوں سے سندھ حکومت تو بے خبر ہے لیکن وزیر اعظم نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رواں ہفتہ کراچی کے دورے کا فیصلہ کرلیا جہاں وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے خود بریفنگ لیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے آج وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی اور انہیں کراچی کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی اس دوران وزیر داخلہ نے لیاری واقعے اور پرتشدد کارروائیوں سے متعلق ڈی جی رینجرز کی رپورٹ بھی پیش کی۔

اس موقع پروزیراعظم نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ کو کراچی میں امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدام اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے رواں ہفتے ہی کراچی جانے کا فیصلہ کیا جہاں وہ سیکیورٹی اداروں سے امن وامان کے حوالے سے بریفنگ لیں گے۔

واضح رہے کہ آج کراچی میں لیاری کے مختلف علاقوں میں گینگ وار کے 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ، دستی بموں اور راکٹ حملوں کے نتیجے میں اب تک 4 خواتین اور 2 بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ فائرنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں