ایم کیو ایم کی سندھ میں بلدیاتی انتخابات روکنے کی استدعا مسترد
سپریم کورٹ نے 4 اگست تک سندھ حکومت کو جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا
کراچی:
سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کی سندھ میں بلدیاتی انتخابات روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ایم کیو ایم کی بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل ایم کیو ایم نے کہا کہ وفاقی حکومت کو جواب جمع کروانے کا کہہ دیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت چاہے تو جواب جمع کروا دے۔
مزید پڑھیں؛ بلدیاتی انتخابات کے خلاف ایم کیو ایم کی درخواست پر سندھ حکومت کو نوٹس
ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ سندھ حکومت کو تحریری جواب جمع کروانے کے لیے دو ہفتوں کا وقت دیا جائے، جس پر عدالت نے سندھ حکومت کو دو ہفتوں کی مہلت دینے سے انکار کر دیا۔
ایم کیو ایم کے وکیل فروغ نسیم نے کہا کہ 27 اگست کو لوکل باڈیز الیکشن ہے، دو ہفتوں کا وقت دیا گیا پھر سندھ حکومت کہے گی کہ پولنگ قریب ہے۔
عدالت نے 4 اگست تک سندھ حکومت کو جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔