قانون سب کیلیے یکساں اور لاڈلاازم ختم ہونا چاہیے شرجیل میمن

اگر یہی روایت رہی کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس تو کیا میسج نہیں دیا جا رہا کہ ہر کوئی لاٹھی اٹھا لے


Staff Reporter July 26, 2022
عمران خان اور پی ٹی آئی کو 100 خون معاف ہیں ، صوبائی وزیر اطلاعات (فوٹو فائل)

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ قانون سب کے لیے یکساں اور ملک سے اب لاڈلا ازم کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کی عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پر حملہ ملک کی عدلیہ پر حملہ تصور کرتے ہیں ۔ عمران خان ملک میں بدمعاشی اور غنڈہ گردی کر کے اداروں پر اثر انداز ہو رہے ہیں ۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پچھلے 5 برس سے عمران خان اپنی مرضی کے فیصلے لیتے رہے ہیں ۔ افسوس کی بات ہے کہ عمران خان کو جھوٹا صادق و امین کا سرٹیفکیٹ ملا ہوا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کے پی کے بی آر ٹی پر بھی اسٹے آرڈر ملا ہوا ہے ۔ عمران خان کو بنی گالا کی غیر قانونی تعمیرات پر بھی اجازت دی گئی ۔ ملک سے اب لاڈلا ازم کا خاتمہ ہونا چاہیے ۔ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے ۔

یہ خبر بھی پڑھیے: پی ٹی آئی اداروں کو دباؤ میں لاکر اپنے حق میں فیصلے لینا چاہتی ہے، شرجیل میمن

انہوں نے کہا کہ اگر یہی روایت رہی کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس تو کیا میسج نہیں دیا جا رہا کہ ہر کوئی لاٹھی اٹھا لے۔ انصاف کے تقاضے سب کے لیے یکساں ہونے چاہییں۔ پاکستان میں عمران خان کے لیے الگ قانون ہے اور باقی لوگوں کے لیے الگ قانون ہے ۔ عمران خان خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں ۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو 100 خون معاف ہیں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی ملک سے لاڈلا ازم کے خاتمے اور قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں