راولپنڈی اسپتال سے تین ماہ کا بچہ ماں باپ کی موجودگی میں اغوا
خاتون نے باپ کی موجودگی میں چکما دے کر بچے کو اغواء کیا،ایم ایس
بینطیر بھٹو جنرل ہسپتال سے تین ماہ کا بچہ اغواء کر لیا گیا تین ماہ کے موسٰی کو نامعلوم خاتون ہسپتال کی او پی ڈی سے اغوا کرکے لے گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنڈی گھیب کی رہائشی صائمہ نورین اپنے شوہر آفتاب اور آٹھ سالہ بیٹی عائشہ فاطمہ کے ہمراہ ہسپتال آئی اور تین ماہ کا بیٹا موسٰی اپنی بیٹی کے سپرد کرکے چیک اپ کرانے گئی تو واپس آنے پر اسکا بیٹا اپنی بہن کے پاس نہیں تھا،بچی نے بتایا کہ ایک خاتون نے کہا بچہ بہت پیارا ہے مجھے دو اور پھر وہ خاتون بچہ لے کر غائب ہوگئی۔
خاتون کے شوہر آفتاب کی درخواست پر تھانہ وارث خان نے پرچہ درج کرلیا اور ہسپتال سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے بچہ اغوا کرنے والی خاتون سے متعلق تفتیش شروع کردی ہے ۔
ایم ایس بینظیر بھٹو جنرل ہسپتال ڈاکٹر سہیل احمد چوہدری نے بتایا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، سی سی ٹی وی کیمرے سے بچہ اغوا کرنے والی خاتون کا چہرہ واضح نہیں ہے پولیس نے بچہ اغوا کرنے والی خاتون کا تصویری خاکہ تیار کرلیا یے۔
میڈیکل سپریٹینڈنٹ کے مطابق آج او پی ڈی میں 3600 مریض تھے، خاتون بچہ اپنی بیٹی کے حوالے کرکے گئی باہر اس کا خاوند بھی موجود تھا جو بچہ گود میں لینے والی خاتون کے کہنے پر پانی لانے گیا پانی لایا تو خاتون نے کہا کہ پانی ٹھنڈا ہے نارمل پانی لاؤ وہ دوبارہ پانی لینے چلا گیا اس دوران خاتون بچہ لے کر غائب ہوگئی۔