گلشن اقبال اور اورنگی ٹاؤن سے خاتون سمیت 2 افراد کی گلے میں پھندا لگی لاشیں برآمد
گلشن اقبال کی رہائشی متوفیہ کی شناخت 16 سالہ خفسہ کے نام سے کی گئی جس کی 3 ماہ قبل شادی ہوئی تھی
کراچی:
گلشن اقبال اور اورنگی ٹاؤن سے خاتون سمیت 2 افراد کی گلے میں پھندا لگی ہوئی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ گلشن اقبال کے علاقے بلاک 13 ڈی تھری شفیق السلام مدرسے کے قریب گھر سے خاتون کی گلے میں پھندا لگی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق متوفیہ کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔ پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت 16 سالہ خفسہ کے نام سے کی گئی جس کی 3 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔
متوفیہ کے شوہر نے بیان دیا کہ وہ گھر پر موجود نہیں تھا اور جب واپس آیا تو بیوی کی پھندا لگی ہوئی لاش دیکھ کر فوری طور پر قریبی رہائش پذیر اہلیہ کے اہلخانہ کو اطلاع دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے تاہم فوری طور پر وجہ کا معلوم نہیں ہو سکا جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت کا تعین ہو سکے گا۔
دریں اثنا اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 8 اے میں گھر سے 55 سالہ مرتضیٰ علی کی گلے میں پھندا لگی ہوئی لاش ملی ہے۔ اورنگی ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں اہلخانہ واقعہ گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کا بتا رہے ہیں تاہم پولیس اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔