این ای ڈی سائبر سیکیورٹی آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیٹا سائنسز میں پہلی بار داخلے
یونیورسٹی کے 32 شعبوں میں داخلے کے لیے ٹیسٹ 30 جولائی سے شروع ہوں گے
این ای ڈی یونیورسٹی میں تین نئے شعبوں متعارف کرادیے گئے، پہلی بار سائبر سیکیورٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیٹا سائنسز میں داخلے 30 جولائی سے ہوں گے۔
این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت نئے تعلیمی سیشن 2023ء سے 3 نئے انجینئرنگ پروگرام شروع کیے جارہے ہیں اور نئے تعلیمی سیشن کی داخلہ پالیسی میں ''آرٹی فیشل انٹیلی جنس سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا سائنسز '' کے نئے پروگرامز کو باقاعدہ شامل کرلیا گیا ہے اور ان تینوں پروگرامز کے لیے مجموعی داخلہ سیٹس میں 150 نشستوں کا اضافہ بھی کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انٹر سال اول کے نتائج کی بنیاد پر این ای ڈی یونیورسٹی میں 32 شعبہ جات کے لیے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ 29 جولائی کردی گئی ہے جبکہ 6 روز تک جاری رہنے والا داخلہ ٹیسٹ 30 جولائی سے شروع ہوگا جبکہ فیل ہو جانے والے طلبہ کے لیے دوبارہ بھی داخلہ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو دوسرے مرحلے میں 21 اگست سے شروع ہوگا۔
این ای ڈی یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 3 روز کی توسیع کے بعد اب تک یونیورسٹی کو 12 ہزار سے زائد داخلہ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، یونیورسٹی نے انجینئرنگ کی دیگر جامعات کی طرز پر داخلہ ٹیسٹ دو بار لینے کا فیصلہ کیا ہے اور جو امیدوار کسی بھی وجہ سے پہلی بار ٹیسٹ میں شرکت نہ کرسکیں یا پہلے ٹیسٹ میں فیل ہوجائیں وہ دوسرے مرحلے کے ٹیسٹ میں شرکت کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پہلے مرحلے کا داخلہ ٹیسٹ 4 اگست تک جاری رہے گا اور ٹیسٹ کے نتائج ٹیسٹ کے آخری روز جاری کیے جائیں گے ہر روز 3 ہزار یا اس سے زائد امیدوار ٹیسٹ میں شریک ہوں گے جو یونیورسٹی کے مختلف لیبس میں آن لائن لیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں 32 شعبوں کے لیے 2849 نشستیں مختص ہیں۔ یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر کے مطابق داخلہ میرٹ 50 فیصد ٹیسٹ کے نتائج اور 50 فیصد فرسٹ ایئر(انٹر سال اول) کے مارکس کی بنیاد پر طے ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس، سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا سائنسز کے نئے پروگرامز کے لیے 50/50 نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ کل مختص 2849 نشستوں میں 631 سیلف فنانس کی ہیں۔